Live Updates

” عمران خان اپنی خواہشوں کے قیدی ہیں“، محمد شہباز شریف

پیر 10 نومبر 2014 21:15

” عمران خان اپنی خواہشوں کے قیدی ہیں“، محمد شہباز شریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے حافظ آباد کے گاوٴں ونیکے تارڑمیں سیلاب متاثرین میں مالی امداد کے دوسرے مرحلے کے آغازپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا دینے والوں خصوصاً عمران خان کی غیر جمہوری سوچ اورچین کے صدر کا دورہ ملتوی کرا کے بجلی کے منصوبوں میں تاخیر کے حوالے سے کڑی تنقیدکی۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے دل میں عام آدمی کی حالت بدلنے کی خواہش ہوتی تو وہ ترقی کے عمل میں رکاوٹیں ڈال کر ملک دشمنی کا مظاہرہ نہ کرتے لیکن عمران خان اپنی خواہشوں کے قیدی ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یہ اشعار پڑھے۔
ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم… جگنوؤں کو راستہ تو یاد ہونا چاہیے
خواہشوں کو خوبصورت شکل دینے کیلئے… خواہشوں کی قید سے آزاد ہونا چاہیے
وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ چین نے پاکستان کا دوبارہ ہاتھ تھاما ہے اوروہ معاہدے جو اسلام آباد میں ہونا تھے دو روز قبل بیجنگ میں طے پائے ہیں ،جنہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، محنت اورعزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرا نہوں نے یہ شعر پڑھا۔
مسافر شب کو اٹھتا ہے…جو جانا دور ہوتا ہے
وزیراعلیٰ نے تقریر کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ بادکے نعرے لگوائے جس پر حاضرین نے ان کا بھر پور ساتھ دیا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات