مشہور ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کے کردار کیپٹن عبداللہ کا بیٹا جھلس کر جاں بحق ہو گیا

پیر 10 نومبر 2014 21:50

مشہور ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کے کردار کیپٹن عبداللہ کا بیٹا جھلس ..

شکاگو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر۔2014ء) آتشزدگی کے باعث مشہور ڈرامہ سیریل " الفا براووچارلی" کے کردار کیپٹن عبداللہ کا بیٹا جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی میں کیپٹن عبداللہ کا کردار نبھانے والے فیصل ترمذی آج کل شکاگو کے کم بال ایونیو میں ہالی وڈ پارک کے اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں جہاں گزشتہ روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔

(جاری ہے)

فیصل ترمذی اپنے اہل خانہ کے ساتھ چوتھی منزل پر رہائش پذیر تھے اور آتشزدگی کے بعد ان کا 10 سالہ بیٹا جھلس کر جاں بحق ہو گیا اور فیصل ترمذی نے اپنی اہلیہ کے ساتھ چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شدید آگ کے باعث فیصل ترمذی کا 10 سالہ بیٹا جھلس کر ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ اس کے والدین کی حالت بھی تشویشناک ہے۔آتشزدگی کے اس واقعے میں مزید 11 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ مالی نقصان بھی بہت زیادہ ہوا ہے تاہم ابھی تک آتشزدگی کی وجہ نہیں بتائی جا سکی۔