دھرنوں نے ہماری حکومت کو جھنجھوڑ دیا ،ہمیں اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے، وزیر داخلہ

منگل 11 نومبر 2014 18:46

دھرنوں نے ہماری حکومت کو جھنجھوڑ دیا ،ہمیں اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دھرنوں نے ہماری حکومت کو جھنجھوڑ دیا ہے اور ہمیں اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے تاہم یہ چند ماہ کی مہلت ہے اور ہم اپنا احتساب کرکے وہ سوراخ بند کر سکتے ہیں جن سے ہماری حکومت عدم استحکام کا شکار ہو۔ صحافیوں کے ایک مخصوص گروپ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے ذریعے جمہوری نظام کو لاحق خطرات ٹالے جاسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کے بعد عمران خان کے دھرنے کا کوئی جواز نہیں رہتا حکومت نے تو دھرنا ختم کرنے کیلئے اس وقت طاقت استعمال نہیں کی جب اس کی ضرورت تھی ہم نے برداشت ‘ تحمل اور بردباری سے کام لیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں امید ہے کہ عمران خان بھی دھرنے کی سیاست ترک کرکے مذاکرات کی میز پر بیٹھ جائیں گے۔

پیپلزپارٹی سے ان کے اختلافات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ دھرنے میں پیپلزپارٹی نے جو احسانات کئے ہیں حکومت ان کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ جمہوری پاکستان کا مستقبل مستحکم ہے اور ملک میں جمہوریت جڑیں پکڑ رہی ہے ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ عبدالوحید کاکڑ کے بعد جنرل ریٹائرڈ اشفاق کیانی دوسرے جرنیل تھے جنہوں نے فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بہتری لانے پر توجہ دی اور موجودہ آرمی چیف بھی ایک پیشہ ور سپہ سالار ہیں ۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ دھرنوں کے پس پردہ عناصر کون ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ لوگ خود بخود عوام کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید لوگ بے نقاب ہوجائیں گے ایک اور سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دھرنے والوں کا ہدف حکومت گرانا نہیں تھا بلکہ وہ حکومت کو اس حد تک کمزور کرنا چاہتے تھے کہ وہ قوت فیصلہ سے محروم ہوجائے اور وہ دو تہائی اکثریت کے حامل وزیراعظم کو کمزور کرنا چاہتے تھے لیکن اپنے مقاصد میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکے تاہم انہوں نے حکومت کو جھنجھوڑ دیا ہے اور ہمیں کم سے کم وقت میں اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔