نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

منگل 11 نومبر 2014 21:33

نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) ای او بی آئی سکینڈل میں نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق مینجنگ ڈائریکٹر ای او بی آئی ظفر گوندل کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ای او بی آئی کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر ظفر گوندل کیخلاف ریفرنس دائر کردیا جبکہ کچھ روز قبل نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا تھا جس میں راجہ پرویز اشرف اور ظفر گوندل کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

نیب کی طرف سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ راجہ پرویز اشرف پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام کیساتھ ان کے داماد عظیم الحق کو عالمی بینک میں ملازمت دلانے کا بھی الزام ہے جبکہ ای او بی آئی کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر ظفر گوندل نے کروڑوں روپے کی پراپرٹی اسلام آباد میں خریدی اور غیرقانونی طور پر تقرریوں سمیت 60 کروڑ روپے کا ای او بی آئی کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ایک سال تک قانون سے چھپنے کے بعد اب ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے اور یہ دونوں ریفرنس اسلام آباد کی عدالت میں دائر کئے گئے ہیں۔