شرائط کی بنیاد پر بھارت کیساتھ بات چیت ممکن نہیں‘ سرتاج عزیز

منگل 11 نومبر 2014 21:37

شرائط کی بنیاد پر بھارت کیساتھ بات چیت ممکن نہیں‘ سرتاج عزیز

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھا رتی وزیر دفاع ارون جیٹلی کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ شرائط کی بنیاد پر بات چیت شروع نہیں کی جاسکتی‘ خطے میں امن و امان کی بحالی کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات لازم و ملزوم ہیں تاہم اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ پاکستان ہتھیار ڈال کر سمجھوتہ کرے گا۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے مذاکرات کو منسوخ کرنے کیلئے راہ ہموار کی ہے اور اب بھارت کو ہی مذاکرات شروع کرنے میں پہل کرنا ہوگی۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان نے فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت نے کئی اہم اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایہ ملکوں کیساتھ بات چیت شروع کرنے کیلئے سنجیدہ ہے تاہم پاکستان کی مثبت کوششوں کو کمزوری سے تعبیر نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے درجنوں قراردادیں پاس کی گئی ہیں تاہم ابھی تک ان پر من وعن عمل نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ مسئلہ فلیش پوائنٹ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور جب تک اس مسئلے ک حل نہ کرلیا جائے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے دور دور تک امکانات دکھائی نہیں دے رہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ جان بوجھ کر سرحدوں پر گولہ باری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات کو بہتر بنانے میں سنجیدہ ہے تاہم بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے راہ فرار اختیار کی جارہی ہے

متعلقہ عنوان :