لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے دورہ امریکہ پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کیلئے وزارت خارجہ کے سینئر افسر کو آخری موقع دے دیا

بدھ 12 نومبر 2014 19:15

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے دورہ امریکہ پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کے لئے وزارت خارجہ کے سینئر افسر کو آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر آئندہ سماعت پر تفصیلات پیش نہیں کی گئیں تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم قومی خزانے کی رقم سے اپنی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ بیرونی دوروں میں مصروف ہیں اور اپنے ذاتی کاروبار کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دورہ امریکہ میں پاکستانی ایمبیسی میں رہائش اختیار کرنے کی بجائے مہنگے ہوٹلوں میں قیام کیا اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وزیر اعظم کے بیرونی دوروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے عدالتی اجازت سے مشروط قرار دیا جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت کوآگاہ کیا کہ وزیر اعظم اور انکے پروٹوکول آفیسر کے بیرون ملک ہونے کی بناء پر تفصیلات پیش نہیں کی جا سکتیں لہذا مزید وقت فراہم کیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیاوزارت خارجہ پروٹوکول آفیسر چلا رہا ہے ،کوئی ایسا قانون پیش کیا جائے جس میں دورے پر آنے والے اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہو۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت انیس اکتوبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے وزارت خارجہ کے سینئر افسر کو آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر آئندہ سماعت پر تفصیلات پیش نہکی گئیں تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ۔