دوستانہ کرکٹ میچ، افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی

ہفتہ 15 نومبر 2014 18:41

دوستانہ کرکٹ میچ، افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2014ء) افغانستان اے نے ایک کرکٹ میچ میں پاکستان اے کو 54 رنز سے شکست دے دی۔اسلام آباد کے شالیمار گراﺅنڈ میں کھیلا گیا دوستانہ میچ پہلے بیس بیس اوورز تک تھا تاہم بعد میں اسے پندرہ اوورز فی اننگ تک محدود کردیا گیا جس میں افغان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 154 رنز بنائے جبکہ میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں سو رنز ہی بناسکی۔

یہ نتیجہ پاکستان اے ٹیم میں عمر گل، ناصر جمشید، محمد عرفان اور صہیب مقصود سمیت دیگر ٹیسٹ اور ون ڈے اسٹارز کو دیکھتےہوئے اپ سیٹ ہی قرار دیا جاسکتا ہے۔عمر گل جو قومی ٹیم میں واپسی کی کوشش میں مصروف ہیں اور رواں برس اپریل میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد سے کوئی میچ کھیل نہیں پائے ہیں ، مکمل طور پر آﺅٹ آف فارم نظر آئے اور ان کے تین اوورز میں افغان بلے بازوں نے تیس رنز اسکور کرڈالے۔

(جاری ہے)

لیفٹ آرم بولر محمد عرفان تین اور حسن رضا دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔جواب میں پاکستان اے کی بیٹنگ ناکام نظر آئی اور بابر اعظم کے 30 رنز کے سوا کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
کرکٹ ڈپلومیسی
یہ میچ پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کے تحت ہوا تھا جسے دیکھنے کے لیے پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی بھی اسٹیڈیم آئے، جن کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر سیفران عبدالقادری بلوچ کے ساتھ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور نجم سیٹھی بھی تھے۔

متعلقہ عنوان :