Live Updates

پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات مسترد کر دیئے

پیر 17 نومبر 2014 12:43

پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات مسترد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17نومبر 2014ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اگر قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں تو پارلیمنٹ آئیں اور لوگوں کو اکسانے کے بجائے عدالتوں کا سامنا کریں ‘ جس میڈیا نے عمران خان کو 90 روز تک کوریج دی اسی میڈیا کو بکاؤمال قرار دے رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ اگر عمران خان تبدیلی چاہتے ہیں تو پاکستان کی تباہی نہیں بلکہ تعمیر کیلئے کام کریں، عمران خان سمجھتے ہیں کہ سیاست میں سب کچھ جائز ہے وہ اقتدار مینڈیٹ کے ذریعے نہیں بلکہ چھین کر حاصل کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے طاقت کے استعمال کی وکالت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ کسی ملک میں انٹیلی جنس امور پر بات نہیں ہوتی ‘آئی بی کو فنڈ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے دئیے گئے۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے انکم ٹیکس کی ادائیگی کے بارے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کافی انکم ٹیکس ادا کیا ہے لیکن عمران خان اس بات کو عام کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے کتنا ٹیکس ادا کیا۔پرویزرشید نے کہا کہ تین سو کنال کے پرآسائش قلعے میں رہنے والے شخص کو یہ اخلاقی اختیار نہیں کہ وہ وزیراعظم کی گھڑی کے بارے میں غلط اور بے بنیاد تنقید کرے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے اربوں روپے کے اشتہارات جاری کرنے کے بارے میں بھی اعدادوشمار میں مبالغہ آرائی سے کام لیا ہے کیونکہ وفاقی حکومت کے مجموعی اشتہارات کی رقم کروڑوں میں بنتی ہے جو ذرائع ابلاغ کی صنعت کی بقاء کیلئے ضروری ہے کیونکہ اس سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔اطلاعات کے وزیر نے کہا کہ عمران خان کے قومی احتساب بیورو کیخلاف الزامات بھی غلط ہیں کیونکہ بیورو کو ایک ایماندار شخص چلا رہا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات