پاکستان عوامی تحریک کاسانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کیلئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان

پیر 17 نومبر 2014 20:19

پاکستان عوامی تحریک کاسانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کیلئے گھر تعمیر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد حسن محی الدین نے شیخوپورہ اور مریدکے کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2شہداء کے ورثاء کیلئے گھروں کی تعمیر نو کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر اور جرأت مند انقلابی کارکنوں کے ورثاء نے دیت کے نام پر حکومتی لالچ ٹھکرا کر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیا اور تحریک سے وفاداری نبھانے کا حق ادا کیا، ہم بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، جرأت مند کارکنوں نے حکمرانوں پر واضح کر دیا کہ شہداء کے خون کا معاوضہ نہیں بدلہ لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو شیخوپورہ، مریدکے کے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور شاہراہ دستور کے شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مقامی تنظیموں کے رہنماو کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری 20 نومبر کو وطن واپس آ کر انقلابی جدوجہد کے دوسرے اور فیصلہ کن مرحلہ کی قیادت کرینگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت اور مرکزی رہنماؤں کی کردار کشی اور انہیں ہراساں کرنے کیلئے حکومت دہشتگردی کی عدالتوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے جو قابل افسوس ہے، عدالتیں پولیس کے جھوٹے مقدمات، جھوٹی گواہیوں کو اہمیت نہ دیں،پاکستان کے عوام کی آخری امید یہی عدالتیں ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم بھی عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ ظالم اور قاتل قانون کے کٹہرے میں کب کھڑے کیے جائینگے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی منزل ظالمانہ نظام کو بدلنا ہے اور اس انقلاب کے حصول کیلئے حکمت عملی تبدیل کی گئی ہے، ملک بھر میں اعلان کیے گئے جلسے اور دھرنے مقررہ تاریخوں پرمنعقد ہونگے، حکومت کا کوئی ہتھکنڈا ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتا،انہوں نے کہا کہ حکومتی ایماء پر پی اے ٹی کی قیادت کو اشتہاری قرار دینے کی خبروں کی اشاعت اور گرفتاری کی دھمکیوں سے اندرون و بیرون ملک لاکھوں کارکنان میں شدید اضطراب ہے،حکمران سیاسی ماحول کو متشدد بنانے سے بازرہیں،ہماری پرامن جدوجہد انقلاب کے عظیم مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکمرانوں کو دل و دماغ سے نکال دیا ہے اور وہ ان کی رخصتی کے دن کا انتظا رکررہے ہیں اور وہ دن قریب ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے سے عوام کو سیاسی شعور ملا، یہ شعور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور استحکام کیلئے پہلی سیڑھی ثابت ہو گا،انہوں نے کہا کہ شہداء اور زخمی اور جن کارکنان نے انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے جانی مالی قربانیاں دیں ان کی نگہداشت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔