کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا ریکارڈ بنالیا

منگل 18 نومبر 2014 21:08

کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور نیا ریکارڈ بنالیا

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ نے منگل کے روز ایک اور نیا ریکارڈ بنالیا، کاروباری سرگرمیوں میں زبردست تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 32 ہزار پوائنٹ کی سطح پر عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں مزید 35 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کاروباری لین دین بھی پیر کی نسبت 4 کروڑشیئرز زائد رہا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ چند ہفتوں سے نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے صرف 38 کاروباری دنوں میں کراچی اسٹاک مارکیٹ نے 30 ہزار پوائنٹ کی سطح سے بڑھ کر 31 ہزار پوائنٹ کی سطح کو عبور کرلیا ،اسٹاک مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق 10اکتوبر2014کو اسٹاک مارکیٹ میں 100انڈیکس نے30158.63پوائنٹ پر پہنچ کر ایک تاریخی ریکارڈ قایم کیا تھا اورایک ماہ8دن بعد انڈیکس32ہزار پوائنٹ کی سطح عبور کرگیا اس طرح صرف38کاروبار ی دنوں میں انڈیکس نے1 ہزار پوائنٹ کی سطح کو عبور کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

(جاری ہے)

منگل کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ایک بار پھر زبردست تیزی کے ساتھ ہوا ، غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران بیک وقت 31,900,31,800اور 32000 پوائنٹ کی 3بالائی حدوں کو عبور کرگیا، بینکنگ،سیمنٹ،ٹیکسٹائل اور انرجی سیکٹر کی کمپنیوں کے شیئرزمیں سرمایہ کار وں کی دلچسپی نمایاں رہی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کے شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹ کم کرنے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص بازار میں خریداری کا رجحان غالب رہا جس کے باعث انڈیکس کو پہلی بار32ہزار پوائنٹ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ۔

منگل کوکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 303.61 پوائنٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے 100 انڈیکس 31702.79 پوائنٹ سے بڑھ کر 32006.40 پوائنٹ پر جا پہنچا اسی طرح 217.53 پوائنٹ کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20997.18 پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 23334.75 پوائنٹ سے بڑھ کر 23457.87 پوائنٹ پر بند ہوا۔

کاروبار ی سرگرمیوں میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 35 ارب 41 کروڑ67 لاکھ 30 ہزار 421 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73 کھرب 52 ارب43 کروڑ 4 لاکھ28 ہزار 64 روپے سے بڑھ کر 73کھرب 87 ارب 57 کروڑ71 لاکھ58 ہزار 485 روپے ہوگیا ۔مارکیٹ میں منگل کے روز 31کروڑ20لاکھ61ہزار حصص کا کاروبار ہوا اورٹریڈ نگ ویلیو 18 ارب روپے کا ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیر کو 27 کروڑ 67 لاکھ 68 ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا اور ٹریڈنگ ویلیو 15 ارب روپے تک محدود رہا تھا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر 393 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 177 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 193 میں کمی اور 23 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے جہانگیر صدیق کمپنی 2 کروڑ، 58 لاکھ، ڈی جی کے سیمنٹ 2 کروڑ 26 لاکھ ، میپل لیف سیمنٹ 1 کروڑ 92 لاکھ ، پاک انٹرنیشنل بلک 1 کروڑ 41 لاکھ اور پاک الیکٹرون 1 کروڑ 22 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتارچڑھاوٴ کے اعتبارسے ایکسائیڈ پاک کے بھاوٴ میں 95.82 روپے اور موری بریورے کے بھاوٴ میں 55.12 روپے کا اضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاوٴ میں 320.01 روپے اور نیسلے پاک کے بھاوٴ میں 175 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :