وزیر مملکت پانی و بجلی کی حیدرآباد میں کھلی کچہری ، عوام نے زائد بلنگ پرشکایات کے انبار لگادیئے‘ عابد شیر علی نے موقع پر متعددایکسینز اور ایس ڈی اوز کو معطل کردیا ، صارفین کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کاکھلی کچہری سے خطاب ،وزیر مملکت کی حیدرآباد آمد کے موقع پر واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین اور تحریک انصاف کے واپڈا کی ممکنہ نجکاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے ،گو نواز گو کے نعرے

بدھ 19 نومبر 2014 20:47

وزیر مملکت پانی و بجلی کی حیدرآباد میں کھلی کچہری ، عوام نے زائد بلنگ ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 19نومبر 2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی جانب سے حیدرآباد میں بجلی صارفین کے مسائل کے حل کے لئے منعقدہ کھلی کچہری میں عوام نے زائد بلنگ کی شکایات کے انبار لگادیئے‘ وزیر مملکت نے موقع پر متعددایکسین اور ایس ڈی اوز کو معطل کردیا‘ تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے حیدرآباد میں واٹر ونگ کالونی کے گراؤنڈ میں کھلی کچہری منعقد کی اور صارفین کے مسائل سنے‘ اس موقع پر عوام نے حیسکو کی جانب سے جاری کئے جانے والے بجلی کے زائد بلوں کی شکایات کے انبار لگادیئے‘ صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں ہر ماہ ہزاروں روپے کے بل بھیجے جاتے ہیں اور جب متعلقہ سب ڈویژن میں شکایت کی جاتی ہے تو افسران ان کی بات تک نہیں سنتے‘ عوامی شکایات پر وزیر مملکت عابد شیر علی برہم ہوگئے اور انہوں نے خراب کارکردگی پر متعدد سب ڈویژنز کے ایکسین اور ایس ڈی اوز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے‘ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام کے مسائل حل کرنے آئے ہیں‘ وزیر مملکت نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے اپنے متعلقہ سب ڈویژنز میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور صارفین کے مسائل 15 روز میں حل کرکے رپورٹ انہیں ارسال کی جائے بصورت دیگر غفلت کے مرتکب افسران کو معطل کردیا جائے گا‘ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنائیں اور عوام میں جاکر ان کے مسائل سنیں اور انہیں حل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے‘ انہوں نے کہا کہ وہ صارفین کے مسائل حل کے لئے ہر جگہ جائیں گے اور جب تک ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ وزیر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کاروائی کی جاسکے اور عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جاسکے‘ وزیر مملکت عابد شیر علی کی حیدرآباد آمد کے موقع پر پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیا گیا‘ مظاہرین نے واپڈا کی ممکنہ نجکاری اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔