انسانی حقوق اور انسانی ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، 2015کے ترقیاتی ایجنڈا میں لوگوں کی ترقی بنیادی نقطہ ہونا چاہیے

چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کا اقوام متحدہ کی سالانہ پارلیمانی شنوائی سے خطاب

جمعرات 20 نومبر 2014 17:39

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء ) چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ انسانی حقوق اور انسانی ترقی کا آپس میں بہت گہرا تعلق ہے اور 2015کے ترقیاتی ایجنڈا میں لوگوں کی ترقی بنیادی نقطہ ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین، اقوام متحدہ کی سالانہ پارلیمانی شنوائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقاتک کو بنیادی حقوق کی بلا امتیاز فراہمی اور ہر فرد کے لئے برابر موقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔سید نئیر بخاری نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی شنوائی کے پہلے اجلاس میں اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ معاشرے کے وہ طبقے جو امتیازی سلوک کا زیادہ شکار ہوتے ہیں جیسے کہ خواتین ، بچے اور معذور افراد ان کی طرف خاص توجہ کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

شنوائی کا آغازاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، جنرل اسمبلی کے صدر سام ، کتسیہ اور بین الاقوامی پارلیمانی اسمبلی کے صدر صابر چودھری کے خوش آمدیدی کلمات سے ہوا۔چیئر مین سینیٹ نے پاکستان کے پارلیمان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے خاص طور سے امتیازی سلوک کے شکارطبقات آگے لانے کیلئے پاکستان کی پارلیمان نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

یاد رہے کہ چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری جس وفد کی قیادت کر رہے ہیں اس میں انکے ہمراہ سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شاہی سید،سینیٹر سید ظفر علی شاہ، سینیٹر ملک رشید احمد خان، سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور ایڈیشنل سیکریٹری سینیٹ ڈاکٹر سید پرویز عباس وفد میں شامل ہیں۔