پابندی کے خاتمے کیلئے سلمان بٹ اور محمدآصف نے سیاسی اثر ورسوخ کا استعمال شروع کردیا

جمعہ 21 نومبر 2014 12:25

پابندی کے خاتمے کیلئے سلمان بٹ اور محمدآصف نے سیاسی اثر ورسوخ کا استعمال ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء)سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے باعث پابندی کے شکارمحمد عامرکی واپسی کی کوششوں کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف بھی بورڈ کی حمایت کے خواہاں ہیں، سیاستدانوں سے سفارشات شروع کرادیں،دونوں کھلاڑیوں نے کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کیلئے حکمران جماعت کی اہم شخصیات سے رابطے کئے ہیں ،اس حوالے سے جلد ہی کوئی بریک تھرو کا امکان ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزایافتہ فاسٹ بولر محمد عامرکو کلیئرکرانے میں کئی ماہ سے کوشاں ہے۔آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کے بعدبورڈ نے عامر ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت کیلئے آئی سی سی کو خط لکھ دیاہے۔ اور توقع ہے کہ انہیں جنوری میں اس کی اجازت مل جائیگی۔ جس کے بعد وہ ستمبر میں پابندی ختم ہونے تک انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے تیار ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

محمد عامرکو ریلیف ملنے کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف نے اپنے کیسزکوآگے بڑھانے کیلئے بورڈ پر دباوٴ ڈالنا شروع کردیاہے۔ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز نے کئی سیاستدانوں سے سفارشات کرانا شروع کردیں ہیں۔ لیکن بورڈ کا موقف ہے کہ محمدعامر کی درخواست پر آئی سی سی کا فیصلہ آنے تک وہ اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کریں گے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سلمان اورآصف کو قبل از وقت ڈومیسٹک کرکٹ کی اجازت ملنے کی امید نہیں ہے۔

دونوں نے نہ ہی جرم کاکھل کر اعتراف کیا،نہ آئی سی سی سے تعاون کیا اورنہ ہی اصلاحی پروگرام مکمل کیا۔ اس لئے بورڈ اگر ان دونوں کیلئے خط لکھ بھی دے تو اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے کلیئرنس ملنے کی امید نہیں ہے۔