وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ،مولا بخش چانڈیو،

کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے مطابقت نہیں رکھتی،حکومت مزید کمی کرے اور روز مرہ اشیا صرف سمیت بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کرے،پی پی رہنما

جمعہ 21 نومبر 2014 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر مولا بخش چانڈیو،سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ اورسینیٹر یوسف بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جو کمی کی ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے مطابقت نہیں رکھتی لہذا حکومت فوری طور پر مزید کمی کا اعلان کرے اور روز مرہ اشیا صرف سمیت بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل سندھ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کر کے پھولے نہیں سما رہی ہے تو دوسری جانب گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو اسے شدیدعوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور پاکستان پیپلز پارٹی اسمبلی اور سینیٹ میں اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی، لہذا حکومت کوچاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمن فیصلوں سے اجتناب کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے سابقہ دور حکومت میں عدالتی اور میڈیا ٹرائل کے باوجود عوامی اہمیت کے فیصلے کئے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے سماجی تحفظ کے منصوبے شروع کئے تاہم موجودہ حکومت ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود عوامی فلاح کا کوئی بھی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں کر سکی۔

متعلقہ عنوان :