چار سال تک شادی کی تیاری کرنے والا جوڑا شادی کی پہلی رات ہسپتال پہنچ گیا

ہفتہ 22 نومبر 2014 12:14

چار سال تک شادی کی تیاری کرنے والا جوڑا شادی کی پہلی رات ہسپتال پہنچ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22نومبر 2014ء) شادی کا دن کسی بھی جوڑے کی زندگی کا یادگار ترین دن ہوتا ہے اور اس کی وجہ اس دن کی غیر معمولی خوشیاں ہوتی ہیں لیکن کارل اور کرسٹی نامی جوڑے کیلئے یہ دن غیر معمولی پیٹ کی خرابی، قے اور اسہال کی وجہ سے یادگار بن گیا۔دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ سکول کے طالب علم تھے اور2010میں انہوں نے منگنی کر لی۔

اس کے بعد ایک ایک روپیہ جمع کر کے اور چار سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر وہ مبارک دن آگیا جب ان دونوں کوایک ہونا تھا۔

(جاری ہے)

شادی کی شاندار تقریب میں سینکڑوں مہمان مدعو تھے اور پر تکلف کھانے بنائے گئے تھے، جن میں سے کچھ لذیز اشیاءسے یہ دونوں لطف اندوز بھی ہوئے۔پھر جب ایجاب و قبول کا وقت آیا تو دونوں کو بیک وقت ہی پیٹ میں گڑ بڑ محسوس ہوئی اور وہ دونوں بمشکل ہی قبول قبول کہہ پائے تھے کہ دونوں کو سخت قسم کی قے اور اسہال کا مسئلہ لاحق ہوگیا اور صورتحال اتنی خراب ہو گئی کہ دونوں کو شادی کے لباس میں ہی ہسپتال لیجانا پڑا ۔

کرسٹی کہتی ہیں کہ انہیں یہ یاد کر کے بار بار رونا آجاتا ہے کہ دونوں نے شادی کی پہلی رات ہسپتال میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیڈ پر گزاری۔