پاکستان میں اسلامی نظام کیلئے تحریک کا آغازکرینگے،ملک کو سیاسی ،معاشی دہشت گردوں نے یرغمال بنارکھا ہے،سراج الحق

غریب اور امیر کا فرق ختم کردینگے، خواتین کے بغیرکوئی تحریک کامیابی سے ہم کنارنہیں ہوسکتی، معاشرتی و معاشی حقوق دیں گے 65سالوں میں خواتین کو حقوق لبرل خواتین کے نمائندگی کرنے کے باعث نہیں ملے ، اپنی بچی کو نہ پڑھانے والے باپ کو سزا دینگے کچھ لوگوں کا رول ماڈل امریکہ وبرطانیہ ہیں ،ہمارارول ماڈل مکہ ومدینہ ہیں، آج تہذیبوں اور نظریئے کی جنگ ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مینار پاکستان پر اجتماع سے خطاب

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:03

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں اسلامی نظام کے لیے تحریک کا آغازکریں گے۔ملک کو سیاسی اورمعاشی دہشت گردوں نے یرغمال بنارکھا ہے۔ملک سے غریب اور امیر کا فرق ختم کریں گے۔خواتین کو معاشرتی و معاشی حقوق دیں گے۔خواتین کے بغیرکوئی تحریک کامیابی سے ہم کنارنہیں ہوسکتی، ملک میں 65سالوں میں خواتین کو حقوق اس لیئے نہیں ملے کہ ان نمائندگی لبرل خواتین کرتی رہی ہیں۔

وہ ہفتہ کو مینارپاکستان پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تین روزہ اجتماع عام کے دوسرے روزچھٹے سیشن” بین القوامی خواتین کانفرنس “سے خطاب کررہے تھے۔کانفرنس سے جماعت اسلامی کی سابق مرکزی قیمہ ڈاکٹررخسانہ جبیں، فلسطین سے تشریف لائیں ڈاکٹرعفت الجابری اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ بینکس سرمایہ داروں کو قرض دیتے ہیں،ہماری حکومت قائم ہوئی توہم خواتین کو بلاسود قرض فراہم کریں گے تاکہ وہ وہ اپنے بچوں کی اسلامی طریقے سے کفالت کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت 5بنیادی اجناس دال چینی ، چاول، آٹااورچائے پر سبسڈی دے گی جبکہ بڑی بیماریوں کو گردے، دل، یرقان، تھیلیسیمیاسمیت دیگربیماریوں کا مفت علاج کرے گی ، میٹرک تک تعلیم مفت اور لازمی ہوگئی جبکہ اعلیٰ تعلیم بھی مفت دی جائے جو باپ اپنی بچی کو نہیں پڑھائے گا ہم انہیں سزادیں گے۔سراج الحق نے کہاکہ تلوار اور قلم کے بعد تیسری بڑی قوت عورت ہے،خواتین بدلتی دنیامیں اپنی قوت کو پہچانیں،اپنی ذمی داریاں اداکریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ جو جماعت اسلامی کی خواتین سے ٹکرانے کی کوشش کرے گا پاش پاش ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اب خواتین کی قیادت دردانہ صدیقی ، ڈاکٹررخسانہ جبیں،سمیحہ راحیل قاضی اورکوثرفردوس کریں گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کے پی کے میں خواتین کے اسکولوں کا جال بچھادیا ہے،خواتین کے لیے الگ سے میڈیکل کالج بنائے ہیں اگرہمیں موقع ملا تو ہم پاکستان میں ایسے تعلیمی ادارے بنائیں گے کہ جس میں امریکہ برطانیہ کی خواتین تعلیم حاصل کرتے ہوئے فخرمحسوس کریں گی۔

خواتین کا یہ بڑااجتماع دیکھ کر مجھے یقین ہوچلا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اسلامی نظام ہے۔ہم ایسانظام چاہتے ہیں کہ جس میں عوام اطمینان سے سوتے رہیں اورحکمران چوکیداری کریں ۔انہوں نے کہاکہ آج لوگ مزدوری نہ ملنے کے سبب خودکشیاں کررہے ہیں جبکہ حکمرانوں کا ایک طبقہ عیاشیاں کررہاہے ان کے کتوں کی زندگی بھی غریب سے بہترہے ،اسی طبقے نے غریب عوام اور خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رکھا ہے، کچھ لوگوں کا رول ماڈل امریکہ اور برطانیہ ہیں جبکہ ہمارارول ماڈل مکہ اور مدینہ ہیں، آج تہذیبوں اور نظریے کی جنگ ہے۔

ہم خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو جیل میں ڈالیں گے۔قبل ازیں جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی سابق قیمہ ڈاکٹررخسانہ جبیں نے بدلتی دنیامیں عورت کے کردار کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اسلام کے حقیقی پیغام کی علمبردارہے،مسلمان خواتین کورول ماڈل بنناہے،آپ کو بہترین مائیں بنناہے،ہمارے لیئے رول ماڈل حضرت خدیجہ، حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بدلتی دنیامیں خواتین کی تعدادنصف ہے،خواتین نے ہردور میں اہم کرداراداکیاہے۔کواتین آج معاشرے کے رخ کوبدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عورت اپنی ذمہ داریاں سمجھ جائیں تومعاشرہ عروج پر پہنچ جاتا ہے۔عورت کو بدلتی دنیامیں اپنے مقام کا تعین کرناہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام عدل،تقویٰ ،انصاف اورمعاشی انصاف کا نام ہے۔انہوں نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کی مذمت کرت ہوئے کہاکہ قرآن واسلام کی یہ ہرگزتعلیم نہیں ہے۔بعدازاں جماعت اسلامی کی نومنتخب قیمہ دردانہ صدیقی نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔اس موقع پر خواتین میں ایوارڈزبھی تقسیم کئے گئے۔