Live Updates

کچھ لوگ حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے داعش کا نام لے رہے ہیں داعش عرب تنظیم ہے پاکستان میں کوئی وجود نہیں وزیر داخلہ

تحریک انصاف کو جلسے کیلئے چوہدری نثار سے نہیں قانون سے اجازت لینا ہوگی ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکر یلغار کر دے ریاست چاہتی تو دونوں کنٹینرز کو قبضے میں لے سکتے تھے پی ٹی آئی ملک کی خاطر مذاکراتی میز پر آکر بات کرے چوہدری نثار علی خان کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:03

کچھ لوگ حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے داعش کا نام لے رہے ہیں  داعش عرب تنظیم ..

ٹیکسلا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ کچھ لوگ حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے داعش کا نام لے رہے ہیں  داعش عرب تنظیم ہے  پاکستان میں کوئی وجود نہیں  تحریک انصاف کو جلسے کیلئے چوہدری نثار سے نہیں قانون سے اجازت لینا ہوگی  ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکر یلغار کر دے  ریاست چاہتی تو دونوں کنٹینرز کو قبضے میں لے سکتے تھے  پی ٹی آئی ملک کی خاطر مذاکراتی میز پر آکر بات کرے ۔

ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ کچھ لوگ تھوڑے فائدے کے لیے آئی ایس آئی ایس کا نام لے رہے ہیں، داعش عرب تنظیم ہے پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہاکہ وال چاکنگ کا مطلب یہ نہیں کہ داعش کا پاکستان میں موجود ہیں چوہدری نثار نے کہاکہ فوجی اور سول ادارے کہہ چکے ہیں داعش سمیت دیگر تشدد پسند عناصر کا راستہ روکا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کے اعلان کے حوالے سے کہا کہ عمران خان کو تحریک انصاف کا جلسہ کرنے کیلئے چوہدری نثار کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ قانونی تقاضہ ہے کہ وہ اجازت لے کر جلسہ کریں، اسلام آبادمیں جلسے کی اجازت میں نہیں قانون دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جمہوری انداز میں جلسے کرے تو اسے اجازت ہے آزادی کا نعرے لگانے والے دوسروں کی آزادی کا بھی خیال رکھیں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جلسے ضرور کیے جائیں کوئی شاہراہ بند نہ کی جائے، جلسہ کسی اور کی آزادی میں خلل نہ ڈالے، ریاست اتنی کمزورنہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکر یلغار کر دے۔اگرکوئی یہ سمجھتا ہے کہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں یلغارہوگی تووہ غلط فہمی کا شکارہے، ریاست اتنی کمزورنہیں ہوتی کہ کوئی بھی آکریلغارکردے اور اگر 30 نومبر کا جلسہ پرامن ہوتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لئے تیار ہے امید ہے تحریک انصاف مذاکرات کی میزپرآئے گی، پی ٹی آئی ملک کی خاطر مذاکراتی میز پر آکر بات کرے، پوری قوم نے پی ٹی وی پر حملہ ہوتے دیکھا جس کے بعد اگر وفاق چاہتا تو 31 اگست کو دونوں کنٹینرز قبضے میں لے لئے جاتے تاہم ایسا نہیں کیا گیا کیوں کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے بندوق سے نہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہر سیاسی جماعت کو قانون کے مطابق جلسہ کرنے کا حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ تشدد پر یقین رکھتے ہیں ان کا راستہ روکا جائے گا۔ سڑکیں بند ہونے کا سوال عمران خان سے پوچھا جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات