سانحہ ماڈل ٹاؤن ،جے آئی ٹی نے ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن جواد حامد کو بیان قلمبند کرانے کیلئے حتمی نوٹس ارسال کردیا

بیان قلمبند نہ کرائے جانے کی صورت میں جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کرے گی ‘ ذرائع /نوٹسز ملے ہیں پیش نہیں ہونگے‘ طاہر القادری

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:06

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنیوالی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے مقدمے کے مدعی ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن جواد حامد کو بیان قلمبند کرانے کیلئے تیسرا اور حتمی نوٹس ارسال کردیا ، بیان قلمبند نہ کرائے جانے کی صورت میں جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کرلے گی ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے سی سی پی اوکوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کی سربراہی میں بنائی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کا اجلاس گزشتہ روز بھی منعقد ہوا۔

نوٹس کے باوجود مقدمے کے مدعی ڈائریکٹر ادارہ منہاج القران جواد حامد پیش نہ ہوئے ۔ جے آئی ٹی نے جواد احامد کو سانحے کے حوالے سے اپنا بیان قلمبند کرانے کے لئے تیسرا اور آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر منہاج القرآن کا نمائدنہ پیش نہ ہوا تو اپنی تحقیقات مکمل کریں گے ۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی کی طرف سے دوبارہ یہ پیشکش بھی کی گئی ہے کہ اگر اگر منہاج القرآن کا نمائندہ خود حاضر نہیں ہونا چاہتے تو ٹیلیفون پر بیان قلمبند کرا یا جا سکتاہے۔

دوسری طرف عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اسکی تصدیق کی ہے کہ جے آئی ٹی کی طرف سے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں لیکن ہم یکطرفہ طور پر بننے والی جے آئی ٹی کو تسلیم نہیں کرتے اور شہداء کے ورثاء اور ہمارا کوئی نمائندہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس کو باضابطہ اعلان سمجھا جائے۔

متعلقہ عنوان :