ضیاء اور مشرف جیسے آمرو ں کے دوست کسی صورت جمہوریت اور عوام کے دوست نہیں ہوسکتے،نثار کھوڑو

سندھ کے عوام کی نہ بے عزتی برداشت کی جائے گی اور نہ ہی کسی قسم کی مصلحت پسندی اپنائی جائے گی،شرجیل میمن اور دیگر ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:20

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) سندھ کے سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ضیاء اور مشرف جیسے آمرو ں کے دوست کسی صورت جمہوریت اور عوام کے دوست نہیں ہوسکتے۔ سندھ کے عوام کی نہ بے عزتی برداشت کی جائے گی اور نہ ہی کسی قسم کی مصلحت پسندی اپنائی جائے گی۔ لاڑکانہ کے غیور عوام نے نئے پاکستان کے نام پر ملک توڑنے کی سازشیں کرنے والوں کے جلسہ میں شرکت نہ کرکے ثابت کردیا کہ سندھ کے عوام کسی غلامی میں نہیں ہیں۔

میں لاڑکانہ کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ تحصیل باکرانی کے گاؤں علی آباد میں کارنر مٹینگ کے مہمان انڑ برادری معروف صحافی منیر سانگھی کے قتل میں ملوث ہیں اور اسکولوں کو اوطاق میں تبدیل کرنے والے آج کس منہ سے تعلیم کی بات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتہ کو پیپلز میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن، رکن سندھ اسمبلی محمد علی بھٹو، سینیٹر سعید غنی، تاج حیدر، ذوالفقار قائمخانی، منظور عباس اور دئگر بھی موجود تھے۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ گذشتہ روز علی آباد کی کارنر مٹینگ میں جب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سندھ میں تعلیم کو تنقید کا نشانہ بنانے میں مصروف تھا اس وقت وہ عمر کوٹ میں ہاشو بائی کے والد کے نام پر سندھ ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت بنائے جانے والے اسکول کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کارنر مٹینگ میں تعلیم پر تنقید بناتے وقت شاید عمران خان کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ جس کے مہمان ہیں وہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سرکاری اسکولوں کو اپنی ذاتی اوطاق بنائی اور بچوں کو تعلیم سے محروم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کے دوران میں نے شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ وہ اگر اتنے ہی سندھ کے حامی ہیں تو اپنے مریدوں سے کہہ دیں کہ وہ ان کے پاؤں نہ پڑیں اور ہاتھ نہ چومیں لیکن چونکہ وہ سندھ کے عوام کے خلاف ہیں اس لئے انہوں نے اس کارنر مٹینگ میں اس کا کوئی جواب نہیں دیا لیکن اپنے خلاف متفقہ طور پر منظور ہونے والی سندھ کے عوام کی حمایت میں قرارداد پر اپنا غصہ ضرور نکالا۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ عمران خان اور اس کے حواری ضیا اور مشرف دور کی پیداوار ہیں اور کسی صورت جمہوریت اور عوام دوست نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر پورے ملک میں واضح موقف ہے کہ یہ نہیں بنے گا لیکن خود تحریک انصاف کے منشور میں اس ڈیم کو پاکستان کی بقاء کی ضمانت قرار دیا گیا ہے اور گذشتہ روز کی کارنر مٹینگ میں بھی عمران خان نے اس پر واضح موقف نہ دے کر ثابت کردیا کہ وہ سندھ کے عوام کی بھلائی نہیں چاہتے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں افسوس اس امر پر ہے کہ تحریک انصاف کو سندھ میں جلسہ کرنے کے حوالے سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سندھ حکومت نے نہ صرف عمران خان کو ان کی طلب کردہ وی وی آئی پی سیکورٹی فراہم کی بلکہ آؤٹ آف ٹرن جاکر اس کارنر مٹینگ اور اس میں شامل ہونے والو ں کو سہولیات فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف والوں نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام کے قائل نہیں ہیں اور ہم نے تحریک انصاف کے جلسہ کے لئے تمام وسائل فراہم کرکے ثابت کردیا کہ ہم جمہوری قوت ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ وہ وزیر اعظم بن جائیں اور ان کا یہ خواب شاید خواب ہی رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کی خدمت کی ہے اور آج بھی وزیر اعلیٰ سندھ اور پوری سندھ کی حکومت سندھ کے عوام کے سالہا سال پرانے مسائل کو حل کرنے میں کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف عمران خان کا سیاسی پیر تھا اور اس نے بھی پیپلز پارٹی کے خلاف 11 سال تک انتقامی کارروائیاں کی اور جھوٹے مقدمات بھی بنوائے لیکن ایک بھی کیس وہ عدالت میں ثابت نہ کرسکے اور آج ان کے مرید عمران خان کو بھی اگر یہ شوق پورا کرنا ہے تو آج عدالتیں بھی آزاد ہیں اور وہ بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابقہ دور میں جب وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 3 سال تک وفاقی وزیر تھے تو پیپلز پارٹی انہیں اچھی لگتی تھی اور جب ان سے ان کی وزارت واپس لی گئی تو آج انہیں پیپلز پارٹی میں کوئی بھٹو نظر نہیں آتا اور پارٹی خراب نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونکی جاسکتی۔ عوام اب اپنوں اور غیروں میں تمیز کرنا اچھی طرح جانتی ہے اور عوام پیپلز پارٹی کو صرف اسی لئے سندھ میں کلین سوئپ دیتی ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ہی اپنا شعور مانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے لئے بہتر یہی تھا کہ وہ جل کی کارنر مٹینگ میں نہیں آئے اور ان کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ میڈیا پر آکر سندھ کے عوام او ربالخصوص پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے معافی مانگیں۔

ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اب نہ ہم سندھ کے عوام کی کسی بے عزتی کو برداشت کریں گے اور نہ ہی اس پر مصلحت پسندی کی جائے گی۔ کالا باغ ڈیم پر پوری قوم کا واضح موقف ہے کہ یہ پاکستان توڑنے کے مترادف ہے اور عمران خان نے اپنے منشور میں کالا باغ ڈیم کو پاکستان کی بقاء قرار دے کر ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کے خیر خواہ ہیں یا دشمن ہیں۔