عراق میں داعش نے مخالف قبیلے کے مزید 25افرادکو قتل کردیا

جنگجوؤں نے دریائے فرات کے کنارے فورسز کو روک کر کشتیوں کی مدد سے السجاریہ کے مقام پر حملہ کیا اتحادی فوجوں کی رمادی میں داعش کے محفوظ ٹھکانوں پر بمباری، متعدد تباہ کر دیے گئے،امریکی سینٹرل کمانڈ کابیان

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:34

عراق میں داعش نے مخالف قبیلے کے مزید 25افرادکو قتل کردیا

واشنگٹن/بغداد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) عراق کے شورش زدہ شہر الرمادی میں دہشت گردوں نے تین اطراف سے حملہ کر کے دولت اسلامی (داعش)مخالف البونمر قبیلے کے 25 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا،درایں اثناء امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ رات گئے اتحادی فوجوں نے رمادی میں دولت اسلامی کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں،عرب ٹی وی کے مطابق داعش دہشت گردوں نے رمادی کے مشرقی علاقے السجاریہ میں البونمر قبیلے کے مرکز پر حملہ کیا اور قبیلے کے دسیوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

عراقی سیکیورٹی ذریعے کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جنگجوؤں نے دریائے فرات کے بائیں کنارے پر عراقی سیکیورٹی فورسز کو روک کر کشتیوں کی مدد سے مشرقی الرمادی میں السجاریہ کے مقام پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

السجاریہ میں بھی عراقی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ادھر الرمادی شہر کے متاثرہ قبائل نے تازہ قتل عام کی ذمہ داری عراقی حکومت اور فوج پر عاید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے سے قبل انہوں نے فوج اور حکومت کو فوری کمک فراہم کرنے کے لیے مطلع کر دیا تھا مگر بر وقت دفاعی کوشش نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردوں کو چڑھائی کا موقع ملا۔الرمادی میں دہشت گردوں نے شمال، مشرق، مغرب اور جنوبی اطراف سے ایک تازہ حملہ کیا۔ گذشتہ روز اسی شہر میں دہشت گردوں نے الحوز اور جزیرہ بوعلی الجاسم کے مقامات پر سیکیورٹی فورسز کے دو مراکز کو کار بم حملوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

جس میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔ عسکریت پسندوں کی جانب سے پولیس اور فوج کی چوکیوں پر ہاون راکٹوں سے بھی حملے کیے گئے ہیں۔درایں اثناء امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ رات گئے اتحادی فوجوں نے رمادی میں دولت اسلامی کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :