امریکااپاچی اوربلیک ہاک طیارے فراہم کرے گا،سعودی وزیرنیشنل گارڈز، سعودی عرب کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے،چک ہیگل سے ملاقات

ہفتہ 22 نومبر 2014 19:34

امریکااپاچی اوربلیک ہاک طیارے فراہم کرے گا،سعودی وزیرنیشنل گارڈز، ..

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔22 نومبر 2014) سعودی عرب کے وزیر برائے نیشنل گارڈزشہزادہ متعب بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ رواں سال کے اختتام سے پہلے امریکی ساختہ بلیک ہاک اور اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر سعودی فوج کے حوالے کردیے جائیں گے۔سعوی وزیر نے یہ بات امریکی دورے کے دوران امریکی وزیر دفاع چک ہیگل سے ملاقات کے بعد واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیردفاع سے ہوئی ملاقات میں دونوں ملکوں کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ متعب نے بتایا کہ امریکا اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعاون کی شراکت داری 1972 سے قائم ہے اور دونوں ملک اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

شہزادہ متعب بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ اپاچی اور بلیک ہاک جنگی ہیلی کاپٹروں کی ڈیل طے پا چکی ہے۔

معاہدے کے تحت سال رواں کے اختتام تک یہ جنگی ہیلی کاپٹر سعودی عرب کی نیشنل گارڈز کو فراہم کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز محکمہ دفاع اور داخلی سیکیورٹی کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سیکیورٹی فورسز کو تمام جدید ترین دفاعی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں سعودی عرب کی شراکت کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف امریکا دیگر اتحادیوں سے مل کر بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کے خلاف تازہ عالمی مہم کے بھی جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں شہزادہ متعب بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ عراقی سیکیورٹی فورسز اپنے ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں مگرعراق اور شام جیسے شورش زدہ ملکوں میں اضافی فورسز دہشت گردی کو شکست دینے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :