بہاولپور میں ق لیگ کا جلسہ، دھاندلی سے حکومت لی جا سکتی ہے کی نہیں جا سکتی، پرویز الہیٰ

ہفتہ 22 نومبر 2014 21:33

بہاولپور میں ق لیگ کا جلسہ، دھاندلی سے حکومت لی جا سکتی ہے کی نہیں جا ..

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22نومبر۔2014ء) مسلم لیگ ق نے بہاولپور سے جلسوں کا آغاز کر دیا، چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں دھرنوں نے قوم میں شعور بیدار کیا ، کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ، چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ دھاندلی سے حکومت لی تو جا سکتی ہے مگر کی نہیں جا سکتی۔تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے بعد مسلم لیگ ق بھی میدان میں آگئی۔

بہاولپور کے ڈرنگ سٹیڈیم میں اجتماع سے جلسے جلوسوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ جلسے میں ق لیگی قیادت کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بہاولپور کو صوبہ بنانے کے حوالے سے عوام کو کئی بار دھوکا دیا گیا۔ دھرنوں نے عوام میں حقوق کے حوالے سے شعور بیدار کیا ہے ، ق لیگ فعال جماعت بن کر سامنے آئے گی ، کارکن اور لیڈر بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں وعدے نہیں کئے بلکہ کام کر کے دکھائے ۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ پنجاب کے موجودہ حکمران اپنے دس اور ان کے پانچ سال کا موازنہ کر لیں ، حکمران چین بجلی لینے نہیں دیہاڑیاں لگانے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک خاندان حکومت جبکہ باقی سب ماتم کر رہے ہیں ۔ حکمران کرسی بچانے کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں ۔ کالا باغ ڈیم بن جائے تو پورا چولستان آباد ہو سکتا ہے اگر نام پر اعتراض ہے تو اس کا نام پاکستان ڈیم رکھ دیا جائے ۔ جلسے سے سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا ، مجلس وحدت مسلمین کے ناصر شیرازی اور مسلم لیگ ق کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :