ایران میں’میچ دیکھنے‘پر گرفتار خاتون ضمانت پر رہا

پیر 24 نومبر 2014 11:47

ایران میں’میچ دیکھنے‘پر گرفتار خاتون ضمانت پر رہا

تہرا ن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) ایران میں مردوں کا والی بال میچ دیکھنے کے الزام میں گرفتار ایرانینژاد برطانوی خاتون غنچہ قوامی کے خاندان کے مطابق انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔غنچہ قوامی کے خاندان کے مطابق غنچہ کو درپیش صحت کے مسائل کی وجہ سے رہا کیا گیا ہے اور وہ اپیل کورٹ کے فیصلے تک تہران میں اپنے والدین کے پاس رہیں گی۔

غنچہ قوامی کے بھائی نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا’ ان کی بہن کو چند گھنٹے قبل ہی جیل سے رہا کیا گیا ہے اور اپیل کورٹ کے فیصلے تک تہران میں اپنے والدین کے ساتھ رہیں گی۔’ہر کوئی جانتا ہے کہ انھوں نے کچھ نہیں کیا اور ان کو گذشتہ پانچ ماہ بھی جیل میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘ایران کے ایک اخبار شرق نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر لکھا ہے کہ غنچہ قوامی کو 38 ہزار ڈالر ضمانت کی رقم ادا کرنے پر رہا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رواں ماہ کی غنچہ کی ماں سوسن مشتغیان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ غنچہ ان کے بقول اپنی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔غنچہ کے وکیل کے مطابق ان کی موکلہ کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم ان کے خاندان کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر نے ان کے سزا کی تصدیق ابھی تک نہیں کی۔25 سالہ غنچہ قوامی کو رواں سال جون میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مردوں کا والی بال میچ دیکھنے سٹیڈیم گئیں تھیں۔

متعلقہ عنوان :