برطانوی فارمولا ون کار ریسر لوئس ہیملٹن نے اپنی ٹیم کے ساتھی نیکو روزبرگ کو شکست دے کر چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی

پیر 24 نومبر 2014 13:04

برطانوی فارمولا ون کار ریسر لوئس ہیملٹن نے اپنی ٹیم کے ساتھی نیکو روزبرگ ..

لندن/ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)برطانوی فارمولا ون کار ریسر لوئس ہیملٹن نے ابوظہبی گراں پری مقابلوں میں اپنی ٹیم کے ساتھی نیکو روزبرگ کو شکست دے کر چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ پہلی جیت سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے یہ بہت دنوں کے بعد آئی ہے۔ میں بہت زیادہ خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی ناقابل یقین سال رہا۔ ایک غیر مرئی تجربے کا احساس ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان سب کو جذب کرنا بہت مشکل ہے۔ میں سو نہیں سکا، رات میں 12 بجے سونے گیا اور صبح پانچ بجے بیدار ہو گیا پھر دوڑ لگانے گیا اور سوچتا رہا کہ جب ریس کے لیے جاوٴں گا تو بہت تھک چکا ہوں گا تاہم میں بہت پرسکون تھا۔

(جاری ہے)

میرے گھر کے لوگوں نے ناشتے پر آ کر مجھے حیران کر دیامیں چاہتا تھا کہ وہ یہاں ہوں مگر مجھے معلوم نہیں تھا کہ آیا میں انھیں وقت دے سکوں گا یا نہیں۔

میں نہیں چاہتا تھا کہ میں آخر میں کہوں کہ کاش میں نے یہ کیا ہوتا یا وہ کیا ہوتا۔شہزادہ ہیری نے کار میں نصب ریڈیو پر ان کو مبارکباد دی۔ وہ اس ریس کو دیکھ رہے تھے میڈیا رپورٹ کے مطابق جیت کے ساتھ ہی ہیملٹن دو عالمی چیمپیئن شپ جیتنے والے چوتھے برطانوی ریسر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل جم کلارک، گراہم ہل بھی دو عالمی خطاب جیت چکے ہیں ‘ سر جیکی سٹیوارٹ سے وہ ایک قدم پیچھے ہیں۔

جرمنی کے ریسر مائیکل شوماکر سب سے زیادہ سات بار عالمی خطاب جیتنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں جبکہ ان دنوں سیبسچین ویٹل کو سب سے زیادہ کامیاب فارمولا ون ریسر مانا جا رہا ہے۔ ان کے پاس چار عالمی خطابات ہیں۔مرسیڈیز کار ریسر ہیملٹن کے ایک دوسرے ہم عصر ریسر فرنینڈو الونزو نے بھی دو عالمی چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔