Live Updates

عمران خان اور وزیر اعظم مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے معاملات کو حل کریں،حافظ طاہرمحموداشرفی

پیر 24 نومبر 2014 18:16

عمران خان اور وزیر اعظم مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے معاملات کو حل کریں،حافظ ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل عمران خان اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی اپیل کرتی ہے اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ عمران خان کے دھاندلی کے الزامات پر وزیر اعظم کی طرف سے لکھے گئے خط پر کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کریں ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں مدارس عربیہ کے طلباء کے تقریری مقابلہ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،حافظ محمد امجد ،حاجی خالد محمود قاسمی ،مولانا محمداعظم فاروق ،مولانا رب نواز، مولانا حفظ الرحمن بنوری ،مولانا محمد نواس ،مولانا یوسف فاروقی ،مولانا عبد الواحد ،قاری احمد علی ندیم ،قاری وقار احمد عثمانی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی آئین پاکستان پر عمل کرنے اور جمہوریت کو مظبوط کرنے میں ہے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران ضد، ہٹ دھرمی کی سیاست نے حکومت کو نہیں پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے اور اگر عمران خان اور حکومت نے مفاہمتی راستہ اختیار نہ کیا تو اس سے پاکستان کو مزید نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر گھیراؤ ،جلاؤ اور تشدد کی سیاست کا سلسلہ شروع ہوا اور جمہوریت کو نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی لہٰذا ان کو چاہئے کہ وہ ضد کو چھوڑ یں اور انتخابی اصلاحات کی طرف توجہ دیں ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی قیادت کو سرگودھا اور تھر میں مرنے والے بچوں اور انسانوں پر توجہ دینی چاہئے ۔آج ہسپتالوں میں ادویات نہ ہونے کی وجہ سے اموات ہورہی ہیں۔ پاکستان علماء کونسل تمام صاحب خیر اور ثروت حضرات سے اپیل کرتی ہے کہ وہ آئی ڈی پیز ،سیلاب زدگان اور تھر میں امدادی سرگرمیاں شروع کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے 30دسمبر کو ملک بھر کے جید علماء کی کانفرنس بعنوان پیغام اسلاف کانفرنس بلائی ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :