Live Updates

عمران خان انصاف بھی چاہتے ہیں اور عدلیہ پر بداعتمادی کا اظہار بھی کرتے ہیں‘زعیم قادری،

عوام عمران خان اور ان کے ہم نشینوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں‘ وہ عوام کی نہیں انا کی جنگ لڑ رہے ہیں، 30نومبر کا دن بھی گزر جائے گا‘ پی ٹی آئی روایت کے مطابق پھرنئی تاریخ کا اعلان کر دے گی

پیر 24 نومبر 2014 23:08

عمران خان انصاف بھی چاہتے ہیں اور عدلیہ پر بداعتمادی کا اظہار بھی کرتے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان ایک طرف انصاف چاہتے ہیں اور دوسری طرف عدلیہ پر بداعتمادی کا اظہار کرتے ہیں، اگر وہ سپریم کورٹ کے ذریعے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ ہیں تو سپریم کورٹ پر اعتماد کا اظہار کریں۔ سید زعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جلسے کی ناکامی کے خوف کا شکار ہیں۔

تحریک انصاف عوام کے مسائل کے حل اور ترقی کا ایجنڈا پیش نہیں کر سکی۔ تبدیلی اور انقلاب کے دعوے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں تبدیلی لانے میں ناکامی پر عمران خان کے اوسان خطا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام عمران خان اور ان کے ہم نشینوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں‘ کیونکہ عمران خان عوام کی نہیں اپنی انا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ صورتحال میں دھرنے اور احتجاج کی سیاست ملک سے دشمنی کے مترادف ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) منفی رویوں پر یقین نہیں رکھتی‘ کام کر کے دکھائیں گے۔سید زعیم حسین قادری نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی جھوٹ کی تکرار سے حقائق کو مسخ کرنا چاہتے ہیں۔ جھوٹے الزامات لگا کر شاہ محمود کسانوں کی ہمدردیاں سمیٹنا چاہتے ہیں۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30نومبر کا دن بھی گزر جائے گا۔ پی ٹی آئی اپنی روایات کے مطابق پھر نئی تاریخ کا اعلان کر دے گی۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور ان کے لیڈر کے منفی رویوں اور بے بنیاد ضد نے ملک و قوم کو بیحد نقصان پہنچایا ہے۔ دھرنے اور احتجاج کی سیاست کرنے والوں نے ملک و قوم کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات