شارجہ میں خطرناک جانور‘ پالنے ، مکانات کی بالکونیوں میں سامان رکھنے یا کپڑے لٹکانے پر پابندی عائد

منگل 25 نومبر 2014 12:49

شارجہ میں خطرناک جانور‘ پالنے ، مکانات کی بالکونیوں میں سامان رکھنے ..

شارجہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں عوام کے ’خطرناک جانور‘ پالنے اور مکانات کی بالکنیوں میں سامان رکھنے یا وہاں کپڑے لٹکانے پر پابندی لگا دی گئی ۔عالمی میڈیا کے مطابق شارجہ کے حکمران محمد القسیمی نے حال ہی میں ایک حکم جاری کیا ہے جس کے تحت عوام کے ’شکاری جانوروں‘ کو بطور پالتو جانور رکھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

اس حکم کے تحت یہ خطرناک جانور چاہے جس بھی مقصد کے تحت خریدے گئے ہوں انھیں گھروں یا فارم ہاوٴس پر نہیں رکھا جا سکے گا۔حکام کے مطابق حکم عدولی کرنے والے افراد کو ایک لاکھ درہم جرمانہ کیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات میں امرا کے شیر، چیتے اور تیندوے پالنے کا رواج ہے۔2013 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ شکاری جانور متحدہ عرب امارات میں عام دستیاب ہیں اور ان کی قیمت 50 ہزار درہم تک ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر مقامی اخبار گلف نیوز کے مطابق شارجہ میں ایسے افراد کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن کی بالکنی میں یا تو کپڑے سوکھ رہے تھے یا پھر وہاں سیٹیلائٹ ڈش نصب کی گئی تھیں۔دو ہفتے تک جاری رہنے والی مہم کے دوران متعدد افراد کو پانچ سو درہم جرمانہ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد جرمانے کر کے رقم اکٹھی کرنا نہیں بلکہ یہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔

تاہم کچھ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھوپ میں کپڑے سکھانے سے نہ صرف ڈرائر چلانے کی صورت میں خرچ ہونے والی بجلی کی بچت ہوتی ہے بلکہ ماحول بھی صاف رہتا ہے۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں محنت مزدوری کے لیے دیگر ممالک سے آنے والے افراد کی بڑی تعداد چھوٹے چھوٹے فلیٹوں میں مقیم ہے اور ان عمارتوں کی بالکنیوں پر لگی الگنیاں کپڑوں سے بھری رہتی ہیں۔