Live Updates

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے مناظرے کا چیلنج قبول کرنے کا شدت سے انتظار ہے‘ پرویز الٰہی

منگل 25 نومبر 2014 17:36

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے مناظرے کا چیلنج قبول کرنے کا شدت سے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے مناظرے کا چیلنج قبول کرنے کا شدت سے انتظار ہے ،ہمارے دور میں بیورو کریسی نے ٹیم کے طور پر کام کیا جبکہ آج حکمرانوں کے رویے کیوجہ سے صرف بیورو کریسی ہی نہیں انکے اپنے اراکین اسمبلی بھی ان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بہاولپور میں بھرپور جلسہ کیا جس سے مخالفین کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہر سال دس لاکھ نوکریوں کا انتظام ہو رہا تھا، ہم نے تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھائے جبکہ آج تمام شعبوں میں برا حال ہے ، یہی وجہ ہے کہ آج لوگ ہمارے دور کو یاد کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اسی لئے اپنے ہر پروگرام میں شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں اور میں انہیں پیشگی مارکس دیتا ہوں کہ آپکے دور حکومت کے دس سال اور ہمارے پانچ سال کا موازنہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بیورو کریسی نے بھرپور کام کیا بلکہ بیورو کریسی نے ہوم ورک کے ساتھ ٹیم ورک کے طور پر کام کیا ۔ آج وزیر اعلیٰ اٹھارہ محکمے اپنے جیب میں ڈال کر گھوم رہ ہیں۔

اٹھارہ گریڈ کے افسر کو صرف اس لئے سیکرٹری لگا دیا جاتا ہے کہ وہ بول نہ سکے اور انہیں تجاویز نہ دے سکے ۔ انہوں کہا کہ صرف بیوروکریسی ہی نہیں انکے اپنے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی ان سے ناراض ہیں اورانکے ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ، دھاندلی سے حکومت لی تو جا سکتی ہے لیکن کی نہیں جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے باہر رہ کر بھی کچھ نہیں سیکھا ۔ اللہ کے گھر میں بیٹھ کر کہتے رہے کہ ہم نے کوئی معاہدہ نہیں کیا لیکن پھر کہاہم نے سات سال کا معاہدہ کیا جبکہ سعودی پرنس نے بیان دیا کہ دس سال کا معاہدہ تھاجو لوگ اللہ کے گھر میں بیٹھ کر جھوٹ بول سکتے ہیں ان سے کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :