قطری خاتون کی ایک لاکھ 53 ہزار ڈالر میں دنیا کی مہنگی ترین مسکراہٹ

منگل 25 نومبر 2014 18:28

قطری خاتون کی ایک لاکھ 53 ہزار ڈالر میں دنیا کی مہنگی ترین مسکراہٹ

دوحہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) خلیجی ریاست قطر کی ایک خاتون نے ایک لاکھ 53 ہزار امریکی ڈالر مالیت کی دنیا کی مہنگی ترین مسکراہٹ کی مالک بن کر اپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق قطری خاتون نے حال ہی میں ایک امریکی دندان ساز کی مدد سے ایسی بتیسی تیار کرائی جس میں سونے کے علاوہ نہایت قیمتی ہیرے جواہرات شامل کیے گئے ہیں، جن کی کل مالیت ایک لاکھ ترپن ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قطری خاتون کو ہیرے جواہرات سے مزین بتیسی تیار کروانے کا شوق انسٹاگرام پر ایک امریکی ڈینٹل سرجن ڈاکٹر مجد ناجی کے اکاؤٹ پر لگی امریکی سپر اسٹار میڈونا کی ایک تصویر دیکھنے کے بعد چرایا۔ میڈونا نے بھی اسی ڈاکٹر سے کچھ ہی عرصہ قبل اپنے دانتوں ایک سنہری بتیسی تیار کروائی تھی تاہم وہ اتنا زیادہ مہنگا نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اس میں صرف سونے کی دھات کا استعمال کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر مجد ناجی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میں نے امریکی اداکارہ میڈونا کے دانتوں کا ایک ٹیمپلیٹ تیار کیا جس میں سونے کی دھات استعمال کی گئی تھی۔ بعد ازاں اس کی یہ تصویر میں نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کردی۔ وہاں سے یہ تصویر ایک قطری خاتون نے دیکھی تو اس نے بھی اپنے لئے سنہری اور ہیرے جواہرات سے جڑی بتیسی تیار کرانے کی خواہش کی۔

خاتون نے مجھ سے طویل مکالمہ کیا کہ آیا میں یہ سب کچھ کر سکتا ہوں تو میں نے اسے یقین دہانی کرائی جس کے بعد اس نے خود ہی ہیرے جوہرات کا بھی انتظام کیا اور ایک اطالوی کمپنی سے اس کے دانتوں کا سانچہ تیار کرایا گیا۔ڈاکٹر ناجی نے بتایا کہ قطری خاتون کے دانتوں کا سانچہ تو نہایت مہارت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے مگر وہ صرف نمائنشی دانت ہیں جنہیں اصل دانتوں کے اوپر خوبصورتی کے لیے لگایا جا سکتا ہے۔

مصنوعی دانتوں سے کھانا نہیں کھایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ہیرے جواہرات سے بنائے گئے دانتوں کے سانچے کے کوئی طبی فوائد نہیں کیونکہ کھانا کھانے سے قبل انہیں اتارنا پڑتا ہے۔ یہ محض فیشن کے طور پر اصلی دانتوں کے اوپر سجائے جا سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ناگی نے کہا کہ دانتوں میں مصنوعی دانتوں میں مجموعی طور پر 160 چھوٹے، بڑے ہیرے استعمال کیے گئے ہیں۔ ان میں 88 ہیروں کا وزن ایک اعشاریہ تین قیراط، 68 کا وزن ایک اعشاریہ سات قیراط جبکہ چار ہیروں کا وزن 2 اعشاریہ 8 قیراط ہے۔ مصنوعی دانتوں کے لیے 10 گرام سونے کی دھات استعمال کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :