سانحہ ماڈل ٹاؤن ،جے آئی ٹی کا گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ

مقدمے کے گواہان کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے نوٹسز جاری کر دیئے گئے ‘ ذرائع

جمعہ 28 نومبر 2014 15:57

سانحہ ماڈل ٹاؤن ،جے آئی ٹی کا گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 28نومبر 2014ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مقدمے کے مدعی ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن جواد حامد کی طرف سے بار بار نوٹسز کے باوجود بیان ریکارڈ نہ کروانے کے بعد گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کا اجلاس سی سی پی او کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کی سربراہی میں گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔

بتایا گیا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے مقدمے کے مدعی ادارہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر جواد حامد کو چار نوٹسز بھجوائے گئے تاہم عوامی تحریک نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے مقدمے کے مدعی کی جانب سے پیش نہ ہونے پر گواہوں کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور مقدمے کے گواہان کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی نے مقدمے کے مدعی کی جانب سے پیش نہ ہونے پر مزید کارروائی آگے بڑھانے کے حوالے سے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے بھی رابطہ کر رکھا ہے۔یاد رہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے وطن واپسی پر جے آئی ٹی کو جانبدار قرار دیتے ہوئے اس کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا ۔