Live Updates

تحریک انصاف کے نزدیک تبدیلی کا مطلب محض اس کا اقتدار میں آنا ہے ،حاجی محمد گلزار اعوان ،

ورنہ عمران خان جتنے دعوے کرتے ہیں وہ ان کو خیبر پختونخواہ میں عملی جامہ پہنا سکتے تھے، کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 28 نومبر 2014 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر اور سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے نزدیک تبدیلی کا مطلب محض اس کا اقتدار میں آنا ہے ورنہ عمران خان جتنے دعوے کرتے ہیں وہ ان کو خیبر پختونخواہ میں عملی جامہ پہنا سکتے تھے ․ 30 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں جلسہ نہیں بلکہ ملک میں انتشار پیدا کرنے کی ایک اور کوشش ہو رہی ہے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی پی پی کے کارکنوں سے ایک اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے شمار اندرونی و بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے موثر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے مابین مکمل سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے ․ عمران خان جو مطالبات کر رہے ہیں وہ مطالبات ہم سب کے ہیں اور موجودہ حکمران جماعت بھی انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات کو حل کرنے میں سنجیدگی کا اظہار کر رہی ہے ․ انہوں نے کہا اس کے باوجود عمران خان اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں اور وہ محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں ․ حاجی گلزار اعوان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی یونین کونسلوں کی سطح پر تنظیم سازی کا عمل جاری ہے اور مقامی لیڈر شپ عوام کے ساتھ مربوط روابط قائم کر رہی ہے تاکہ پی پی پی کو ایک مرتبہ پھر ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بنا کر پی پی پی کی شہید قیادت کے ویژن کے مطابق ملک و قوم کو مسائل سے باہر نکالا جا سکے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات