کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کی کتابیں جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، ڈاکٹر نیاز علی عباسی،

اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کروانے کے لئے درخواستوں کی تاریخ میں 19 مئی 2015 تک توسیع کر دی گئی ہے

جمعہ 28 نومبر 2014 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) سیکریٹری محکمہ داخلہ حکومت سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسلحہ لائسنس بکس (کتابوں) کی کمپیوٹرائزیشن کی اشاعت کے عمل کو تیز کریں۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ سندھ میں نادرا کی جانب سے مینوئل لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے لئے ایک دفتر قائم کیا گیا ہے اور ب تک 3539 کمپیوٹرائزڈ لائسنس بکس شائع کی جا چکی ہیں جس میں کراچی میں 1414 حیدر آباد میں 1087 میر پور خاص میں 286 سکھر میں 261 اور لاڑکانہ میں 491 کتابیں شائع کی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبہ میں اب تک 10 لاکھ 57 ہزار 4 سو 56 مینوئل اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

ان میں سے کراچی ڈویژن میں 254255، حیدر آباد میں 376401 ، میر پو خاص میں 124771 سکھر میں 150923 اور لاڑکانہ ڈویژن میں 150553 اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے۔مینوئل لائسنس ہولڈرز کی جانب سے لائسنس بکس کی کمپیوٹرائزیشن کے لئے ڈپٹی کمشنرز / نادرا کو اب تک 4 لاکھ 24 ہزار 4 سو 30 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں سے کراچی میں 75940 حیدر آباد میں 153537 میر پور خاص میں 52856 سکھر میں 71582 اور لاڑکانہ میں 70515 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن / از سر نو توثیق کا عمل یکم اکتوبر 2013 سے شروع کر چکی ہے جس کا مقصد صوبے میں اسلحہ کا درست کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ ، غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام اور اسلحہ کی تعداد سے آگاہی ہے۔ حکومت اس عمل کی تاریخوں میں پہلے دو مرتبہ توسیع کر چکی ہے اور اب محکمہ داخلہ سندھ نے ایک مرتبہ پھر اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کی تاریخ میں 19 مئی 2015تک توسیع کردی ہے۔

اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کرنے کے طریقہ کار کے مطابق تمام مینوئل اسلحہ لائسنس رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ صوبہ میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں قائم نادرا کے کاؤنٹرز پر درخواست فارم 1000 روپے کے ساتھ جمع کرائیں جبکہ 500 روپے جرمانہ بھی جمع کرانا ہوگا۔ نادرا نے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کی اشاعت کے لئے اپنا دفتر محکمہ داخلہ سندھ کے ساتھ قائم کیا ہے جہاں سے نادرا کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کتابیں اشاعت کے بعد کورےئر سروس کے ذریعے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کرکے درخواست گزاروں ( مینوئل اسلحہ لائسنس دہندگان) کو ایس ایم ایس پیغام کے ذریعے متعلقہ ڈپٹی کمشنرزسے اپنے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کی وصولی کے لئے انتباہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا ہے کہ مینوئل اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کروانے کے لئے لوگوں کو چاہئے کہ وہ فوری متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں قائم نادرا کے دفتر سے رجوع کریں تاکہ جعلی لائسنسوں کے خلاف کار روائی عمل میں لائی جا سکے اور ایک درست سمت میں ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :