کراچی آپریشن کامیابی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے ،ڈی آئی جی ساوٴتھ،

پولیس پر حملے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا نتیجہ ہیں ،حوصلے پست نہیں ہوں گے،عبدالخالق شیخ، گزشتہ رات 10خطرناک ملزمان کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیکر بھاری مقدار اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے،پریس کانفرنس

جمعہ 28 نومبر 2014 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) ڈی آئی جی ساوٴتھ عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کامیابی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے ۔پولیس پر حملے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا نتیجہ ہیں ۔پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔گذشتہ رات 10انتہائی خطرناک ملزمان کو مختلف علاقوں سے حراست میں لے کر بھاری مقدار اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ڈی آئی جی ساوٴتھ نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران واضح کمی واقع ہوئی ہے ۔پولیس پر حملے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا نتیجہ ہیں ۔پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ساوٴتھ زون پولیس رینجرز اور شہریوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم کے سدباب کے لیے لائحہ عمل طے کررہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او غضنفر کاظمی کے قتل کی تحقیقات درست سمت میں جارہی ہیں اور جلد ہی پولیس موبائلوں پر کریکر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ لیاری آپریشن گذشتہ سال ستمبر میں شروع ہوا ۔پولیس نے لیاری میں بلاتفریق ملزمان کے خلاف کارروائیاں کی ہیں ۔ہم پولیس کو پارٹی نہیں بننے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ لیاری کے ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار یا مارا جاچکا ہے ۔

جو ملزمان ملک سے باہر فرار ہوگئے ہیں ان کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے ہیں ۔جبکہ دیگر حصوں میں روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق بابالاڈلہ بیرون ملک فرار ہوچکا ہے ۔ڈی آئی جی ساوٴتھ نے بتایا کہ موچکو اور ماڑی پور سے گرفتار کیے گئے 10ملزمان فاروق عرف ڈاڈا ولد نور محمد بلوچ ،اختر عرف کرنٹ ولد ہاشم بلوچ ،حبیب عرف باکسر ولد فیض محمد بلوچ ،شریف ولد غلام رسول ،شاکر علی ولد اللہ بخش ،رستم علی ولد مسافر ،رحیم بخش ولد رسول بخش ،یوسف عرف بابا بلی ولد امجد ،شکیل ولد فیض محمد ،اللہ بخش ولدعرف الک ولد رحمت قتل ،اقدام قتل ،بھتہ خوری ،پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے اور ملزمان اپنے علاقے میں دہشت کی علامت تھے ۔

ملزمان کے قبضے سے ایک ایل ایم جی ،4ایس ایم جی ،2سیون ایم ایم ،ایک رپیٹر ،7پستول ،ایک ٹرپل ٹو ،ایک راکٹ لانچر ،4ہینڈ گرنیڈ ،2آوان گولے ،350گولیاں ،2خنجر ،4واکی ٹاکی برآمد کیے گئے ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس پارٹی کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ڈی آئی جی ساوٴتھ نے مزید بتایا کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران ساوٴتھ زون پولیس نے 23تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرکے مقابلوں میں 23دہشت گردوں کو ہلاک اور17کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ۔جبکہ 763مفرور ،اشتہاری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔