کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں گے،کرکٹ آسٹریلیا

ہفتہ 29 نومبر 2014 12:40

کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں گے،کرکٹ آسٹریلیا

سڈنی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلپ ہیوز کی موت کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے فوری تحقیقات کرے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ ایک بیان میں کہا ہے کہ اعداد و شمار سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک اتفاقی حادثہ تھا۔ان کا کہنا تھاکہ ہم فوری طور پر مینو فیکچررز اور حفاظت فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے اور ان میں مزید بہتری پیدا کرنے کے لیے مشاورت کریں گے۔

‘کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ یہ معاملہ مفادِ عامہ کا ہے اور یہ نہ صرف آسٹریلیا کے لیے بلکہ پوری دنیا کے کرکٹروں کی بہتری کے لیے ہے۔آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنے کے دو روز بعد جمعرات کو چل بسے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق فلپ ہیوز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ میں سرکاری سطح پر ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی تاہم اس حوالے سے کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

کرکٹ آسٹریلیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے بھارت کے خلاف برزبین میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ شیڈیول کے مطابق شروع ہو گا یا نہیں۔فل ہیوز نے سنہ 2009 سے سنہ 2013 کے درمیان 26 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1,500 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔فلپ ہیوز کی موت کے سوگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ایک دن کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :