فلپ ہیوگز کی آخری رسومات 3دسمبر کو ادا کی جائیں گی ، میلبورن ٹیسٹ ملتوی کر دیا گیا

ہفتہ 29 نومبر 2014 12:56

فلپ ہیوگز کی آخری رسومات 3دسمبر کو ادا کی جائیں گی ، میلبورن ٹیسٹ ملتوی ..

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -29نومبر 2014ء )کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ آنجہانی کینگرو بلے باز فلپ ہیوگز کی آخری رسومات3دسمبر کو انکے آبائی قصبے میں ادا کی جائیں گی جبکہ بھارت کے خلاف چاردسمبر سے میلبورن میں شیڈول پہلا ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیاکے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلپ ہیوگز کی آخری رسومات شمالی نیو ساؤتھ ویلز میں واقع ان کے آبائی قصبے میکسویلے کے ہائی سکول میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ادا کی جائے گی جس میں ان کے عزیز و اقارب اور ساتھی کھلاڑی شرکت کریں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیوگز کی آخری رسومات کے کوریج کے لیے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کی مدد حاصل کر لی گئی ہے جب کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انکی آخری رسومات دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے ۔جیمز سدر لینڈ کے مطابق انہیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی اپنے ایک ساتھی کی آخری رسومات ادا کرنے کے اگلے ہی روز ٹیسٹ میچ کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہوں گے جس کی وجہ سے4دسمبر سے میلبورن میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔