گورننگ بورڈ اجلاس، پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتظامی ڈھانچے کو از سر نو منظم کرنے کا فیصلہ موخر

ہفتہ 29 نومبر 2014 15:56

گورننگ بورڈ اجلاس، پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتظامی ڈھانچے کو از سر نو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے انتظامی ڈھانچے کو از سر نو منظم کرنے کا فیصلہ موخرکردیا ،گورننگ بورڈکے اجلاس میں ڈاون سائزنگ کی پالیسی کے تحت کئی افسر اور ملازمین کو ان کے عہدوں سے فارغ کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ری اسٹرکچرنگ کا فیصلہ موخر کردیا گیا تاہم ڈاون سائزنگ کی پالیسی کے تحت کئی افسر اور ملازمین کو فارغ کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔

اجلاس میں چیئرمین شہریار خان نے ایچ آر کمپنی کی رپورٹ پیش کی لیکن متفقہ طورپر اس معاملے کو موخرکردیا گیا۔پی سی بی کے بعض افسران کو سابق دور میں بھرتی کیا گیا ہے اور ان کے معاہدے اس نوعیت کے ہیں کہ اگر بورڈانہیں ملازمت سے ہٹاتا ہے تو انہیں معاہدے کی بقیہ مدت کی تنخواہ ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس لئے بورڈ نے یہ پالیسی تیار کی ہے کہ جن ملازمین کو نشاندہی ایچ آر کمپنی نے کی ہے اور ان کے معاہدے ختم ہوتے ہی انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

ان کے معاہدوں کی تجدید نہیں کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے ذکا اشرف دور میں بھرتی کئے گئے کئی اعلی افسر اور نچلے درجے کے ملازمین نئی پالیسی کی زد میں آرہے ہیں۔ا س حوالے سے ایک مفصل پالیسی تیار کی گئی ہے اور اس کی منظوری دیدی گئی ہے ۔