ضلع پشاور سے پچاس ہزار سے زائد کارکنان اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے جائیں گے ،

کارکنا ن پر امن رہیں گے ،تشدد کیا یا روکنے کی کوشش کی گئی تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں،تحریک انصاف کے ضلعی صدر یاسین خلیل و جنرل سیکرٹری یونس ظہیر ،مہمند کا پریس کانفرنس اور مشعل بردار ریلی سے خطاب

ہفتہ 29 نومبر 2014 18:14

ضلع پشاور سے پچاس ہزار سے زائد کارکنان اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے ..

پشاور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) تحریک انصاف ضلع پشاور کے صدر یاسین خلیل نے کہا ہے کہ ضلع پشاور سے پچاس ہزار سے زائد کارکنان اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے جائیں گے ،کارکن پر امن ہونگے تاہم اگر ان پر تشدد کیا گیا تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس اور بعد ازاں اندرون شہر مشعل بردار ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کیساتھ ضلعی جنرل سیکرٹری یونس ظہیر مہمند بھی موجود تھے جبکہ ریلی میں متعدد ایم پی ایز اور پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔پریس کانفرنس اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ․یاسین خلیل اور یونس ظہیر مہمند نے کہا کہ ضلع پشاور کے پچاس ہزار سے زائد کارکنان اسلام آباد جلسے میں جانے کیلئے تیار ہیں جن کی اکثریت اپنی مدد آپ کے تحت جا رہی ہے اور پارٹی یا صوبائی حکومت کی جانب سے انہیں کوئی ․مدد یا گاڑیاں وغیرہ فراہم نہیں کی جا رہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ․جن علاقوں میں آئی ایس ایف یا یوتھ مالی استطاعت نہیں رکھتی انہیں متعلقہ ایم پی ایز اپنے خرچ پر گاڑیاں فراہم کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ کارکنان نہتے اور پر امن ہونگے اور کارکنان اور ان کی گاڑیوں کیلئے دو چیک پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے تاکہ کوئی اسلحہ یا کوئی غیر قانونی چیز ساتھ نہ لے جا سکے۔پہلا چیک پوائنٹ بے نظیر ہسپتال رنگ روڈ پر جبکہ دوسرا موٹر وے ٹول پلازہ پر بنایا جائیگا۔

انھوں نے کہا کہ کارکنان کو پر امن طریقے سے جانے دیا گیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا تاہم اگر روکنے یا ․تشدد کرنے کی کوشش کی گئی تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔بعد ازاں یاسین خلیل اور یونس ظہیر مہمند کی قیادت میں ہشتنگری چوک سے خیبر بازار تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کارکنان اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔ریلی پیدل مارچ کرتے ہوئے خیبر بازار پہنچی جہاں رہنماؤں نے خطاب کیا اس موقع پر ایم پی․ ایز اور پارٹی قیادت بھی موجود تھی۔