کرک میں تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں میں خونریز تصادم، درجنوں کارکن زخمی

اتوار 30 نومبر 2014 14:21

کرک میں تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں میں خونریز تصادم، ..

کرک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30نومبر۔2014ء) آزادی مارچ میں شرکت کیلئے جانے والے ساوٴتھ ریجن کے قافلے پر پتھراوٴ اور فائرنگ، تحریک انصاف کی جانب سے جوابی حملہ ، دونوں پارٹیوں کے درجنوں کارکن زخمی ہو گئے ، اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان جنوبی اضلاع کے کارکنوں پر مشتمل قافلہ اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے جا رہا تھا کہ کرک کی حدود میں اندھیری کلہ کے مقام پر جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں نے ان پر پتھراوٴ اور فائرنگ شروع کر دی ۔

جس کے جواب میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی پتھراوٴ شروع کر دیا ، جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شدید فائرنگ کی ، جس سے دونوں پارٹیوں کے درجنوں کارکن زخمی ہو گئے ۔ حملے میں ملک شاہ محمد بال بال بچ گئے ، حملے کے حوالے سے تحریک انصاف ساوٴتھ ریجن کے رہنما نیک رحمان نے اُردو پوائنٹ کو بتایا کہ یہ حملہ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے مکمل پلاننگ کے تحت کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا تحریک انصاف کے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے جمعیت علمائے اسلام نے پہلے اپنے سینیٹر کو گولی مار کر ہلاک کیا اور اب نواز شریف کی حکومت کو بچانے کیلئے تحریک انصاف کے قافلوں کو مختلف مقامات پر روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔