2015ء میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکیں گے،الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ کو جواب،سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات بارے کیس کی سماعت (کل) کرے گی

اتوار 30 نومبر 2014 15:45

2015ء میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکیں گے،الیکشن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30نومبر۔2014ء) سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات بارے کیس کی سماعت (کل)پیر کو کرے گی جبکہ صوبائی حکومتوں کے عدم تعاون کے باعث‘ 2015ء میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملہ الیکشن کمیشن نے ہاتھ کھڑے کردئیے‘ پنجاب اور سندھ حکومتیں تعاون نہیں کررہیں کیا کریں‘ تاہم خیبرپختونخواہ میں بائیو میٹرک کی بجائے سابقہ نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات کرادئیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں واضح کردیا ہے کہ 2015ء میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکیں گے۔ دونوں صوبوں کو بار بار یاددہانی کے خطوط بھی ارسال کئے ہیں مگر تاحال کوئی جواب نہیں مل سکا۔ جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب اور سندھ کو حلقہ بندیوں کے کرانے کیلئے مطلوبہ معلومات کی فراہمی بارے خطوط ارسال کئے تھے مگر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

حلقہ بندیوں کی معلومات ملنے کے بعد چار سے پانچ ماہ کا عرصہ درکار ہے اور لگ یہی رہا ہے کہ یہ حلقہ بندیاں اگلے سال کے آخر تک ہی مکمل ہوسکیں گی جس کے بعد انتخابات 2016ء میں ہوسکیں گے۔ یہ جواب (کل) پیر کو بلدیاتی انتخابات کے بارے میں ہونے والی سماعت کے حوالے سے جمع کرایا گیا ہے جس کی سماعت چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔