Live Updates

پلان سی اور ڈی اپنی موت آپ مرجائینگے ، دھرنے والوں کو آخر کار مذاکرات کی میز پر ہی آنا ہو گا ‘ محمد نواز شریف

بعض عناصر حکومت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،آئین و جمہوریت دشمن ایجنڈے پر چلنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے درمیان ملاقات ،ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، اسلام آباد جلسے کے متوقع اثرات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں تحریک انصاف سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق

اتوار 30 نومبر 2014 17:19

پلان سی اور ڈی اپنی موت آپ مرجائینگے ، دھرنے والوں کو آخر کار مذاکرات ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔30نومبر 2014ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے دھرنا سیاست کو مسترد کر دیا، دھرنے والوں کوآخرکارمذاکرات کی میزپرہی آنا ہو گا، کنٹینرز گروپ کا پلان اے اور بی جس طرح ناکام ہوا ہے اسی طرح پلان سی اور ڈی بھی اپنی موت آپ مر جائینگے ، بعض عناصر عوام کی منتخب حکومت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن آئین و جمہوریت دشمن ایجنڈے پر چلنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں،انہیں اگر عوام کے مسائل کا اتنا ہی درد ہے تو پارلیمنٹ میں آ کر بات کریں۔

ذرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاتی امراء میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے کے متوقع اثرات ،پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے وزیر اعظم نواز شریف کو بتایا کہ عوام کی دلچسپی اور مطالبے پر اپنا روز گار سکیم کی شرائط میں مزید نرمی اور تاریخ درخواست میں بھی توسیع کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بے روز گار افراد اس عوام دوست سکیم سے مستفید ہو سکے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے صوبائی حکومت کی طرف سے کم آمدنی والے افراد کے لئے شروع کی گئی ترقیاتی سکیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیل کی قیمتوں میں اتنا زیادہ کمی کی گئی ہے جس سے عوام کو نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ انکے مسائل میں بھی کمی آئیگی،صوبائی حکومت ذخیرہ اندوزوں اورمہنگائی کرنیوالے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے جن کو قابو میں کرنے کا مصمم ارادہ کررکھا ہے اور عوام دیکھیں گے کہ جس طرح ہم نے تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی ہے اسی طرح ایک دن انہیں سستی بجلی بھی فراہم کر کے دکھائیں گے۔محمد نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تیل اور بجلی کی قیمت کم کر کے عوام کوریلیف فراہم کر دیا ہے مگر بعض عناصر کو پاکستان کی ترقی اور استحکام عزیز نہیں اور وہ عوام کی منتخب حکومت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں مگر تھا کہ دھرنے والوں کو آخر کار مذاکرات کی میز پر ہی مسائل حل کرنے ہوں گے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اثر دوسری اشیا پر بھی ہونا چاہیے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات میں تحریک انصاف سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات