وزیر اعظم سے وزیرداخلہ کی ملاقات ، تحریک انصاف کی پہیہ جام ہڑتال کی کال سے نمٹنے کی حکمت عملی ، مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بات چیت ، وزیراعظم نے جلسے کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر وزارت داخلہ کی کارکردگی کو سراہا

پیر 1 دسمبر 2014 22:16

وزیر اعظم سے وزیرداخلہ کی ملاقات ، تحریک انصاف کی پہیہ جام ہڑتال کی ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء ) وزیر اعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی ، ملاقات میں تحریک انصاف کی طرف سے پہیہ جام ہڑال کی کال سے نمٹنے کی حکمت عملی اور تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل شروع کرنے کے امور پر بات چیت کی گئی ، وزیراعظم نے 30 نومبر کے جلسے کیلئے اسلام آباد میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر وزارت داخلہ کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو 30 نومبر کے جلسے کیلئے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریف کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے انتطامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی کارکردگی کو سراہا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے آئین اور قانون کے مطابق تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت دی اور اس کیلئے جو معاہدہ کیا گیا اس پر دونوں اطراف سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا ، ملاقات میں عمران خان کی طرف سے لاہور ، فیصل آباد کو بند کرنے اور 16 دسمبر کو پورے پاکستان میں پہہ جام کی کال سے نمٹنے کے امور بھی زیر غور آئے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب حکومت سے بھی قریبی رابطہ رکھیں ۔