آئیڈیاز2014،پاکستانی ڈرون بغیرپائلٹ طیارے(یواے ویز)توجہ کا مرکزبن گئے

بدھ 3 دسمبر 2014 14:22

آئیڈیاز2014،پاکستانی ڈرون بغیرپائلٹ طیارے(یواے ویز)توجہ کا مرکزبن گئے

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز2014میں پاکستانی ڈرون بغیرپائلٹ طیارے(یواے ویز)توجہ کا مرکزبن گئے ہیں۔ڈرون ٹیکنالوجی سے وابستہ پاکستانی ماہرین نے بغیرپائلٹ طیارے کے ذریعے ہدف کونشانہ بنانے کی صلاحیت پرکام شروع کردیا ہے۔جی پی ایس گائیڈڈمیزائل کے ذریعے فضاسے زمین پرہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت اگلے 2 سال میں منظرعام پر آسکتی ہے۔

بغیرپائلٹ طیارے(یواے ویز)ڈیولپ کرنیوالے پاکستان کے اہم ترین ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز(جی آئی ڈی ایس)کے ماہرین نے عندیہ دیا ہے کہ دفاعی ہتھیاروں کی آئندہ نمائش تک ڈرون طیاروں کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پر اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔اس پروجیکٹ سے وابستہ ڈیولپر فیصل جہانزیب نے بتایاکہ جی آئی ڈی ایس کا تیارکردہ نگرانی کاسسٹمZumr-1(EP)دن کے اجالے اوررات کی تاریکی میں بھی 15سے 20ہزار فٹ کی بلندی سے زمین پر موجود ساکت یا متحرک ہدف کی نگرانی کرسکتا ہے جسے جدید کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے 250 کلومیٹر فاصلے سے زمین پر موجود کنٹرو ل روم سے دیکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

Zumr میں نصب تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی جانداروں کے جسم سے نکلنے والی حرارت سے بننے والے غیرمرئی ہیولے(انفراریڈ)کے ذریعے رات کے وقت بھی ہدف کی نگرانی کرسکتا ہے۔اس نظام کے ذریعے 15ہزار فٹ کی بلندی سے زمین پر چلنے والے انسان کی شناخت ممکن ہے۔ یہ ٹیکنالوجی بیک وقت 5سے 10اہداف کی نگرانی کرسکتی ہے۔ Zumrکو بغیر پائلٹ طیارے کے علاوہ روایتی طیاروں اورہیلی کاپٹرز پربھی نصب کیاجا سکتاہے۔

یہ ٹیکنالوجی زمین پر موجودہدف کی درست پوزیشن سمت اورفاصلہ معلوم کرنے کے ساتھ کسی ہدف کو ٹریکنگ کے دوران منظر سے ہٹ کر دوبارہ نظر آنے پر ری کیپچر بھی کرسکتا ہے۔ہدف کو اس کی پوزیشننگ کے ذریعے لاک بھی کیا جاسکتا ہے۔ یعنی اگرایک مرتبہ کسی متحرک ہدف کی نگرانی شروع کی جائے تو اس جیسے متعدد اوبجیکٹس کے قریب آنے کے باوجود کیمراہدف پر مرکوز رہتا ہے جس سے ہدف اوجھل نہیں ہوسکتا۔

اس سسٹم میں جدیدترین گمبل اسٹیبلائزیشن ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ہے جوہزاروں فٹ بلندی پرپرواز کے دوران لگنے والے جھٹکوں سے امیج کو محفوظ رکھتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی پر مشتمل بغیرپائلٹ کے 16طیارے مسلح افواج کو فراہم کیے جاچکے ہیں جو ملکی سرحدوں کی حفاظت اورموجودہ سیکیورٹی چیلنجزسے نمٹنے میں موثرکردار ادا کررہے ہیں۔اگلے مرحلے میں اس ٹیکنالوجی میں لیزررینج فائنڈراور سیٹلائٹ کمیونی کیشن سسٹم بھی شامل کیاجائے گا۔

ادارے کے پاس سال میں 10یونٹس (پے لوڈ)تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔ ڈرون کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے بارے میں انھوں نے کہاکہ اس سمت میں کام جاری ہے اوراگلی نمائش میں اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :