میرے لباس کا تعین کوئی ”بے وقوف“ نہیں کرے گا: گوہر خان

بدھ 3 دسمبر 2014 14:59

میرے لباس کا تعین کوئی ”بے وقوف“ نہیں کرے گا: گوہر خان

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3دسمبر۔2014ء) کئی دن کی خاموشی کے بعد شوٹنگ کے دوران ایک مداح کا تھپڑکھانے والی مسلمان اداکارہ گوہر خان کا موقف بھی سامنے آگیاہے اور اداکارہ کہتی ہیں کہ کوئی بے وقوف اُن کے لباس کے معاملات طے نہیں کرے گا، اُسے کس نے یہ حق دیاکہ گوہر خان کیا لباس پہنے گی اور کیانہیں ؟میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کس کو یہ حق ہے کہ اگر کوئی لڑکی آپ کی مرضی کے خلاف کوئی لباس پہنتی ہے تو اس کے ساتھ ایسا سلوک کرو، مذہب کے نام پر اپنی بیہودہ حرکتوں کو منصفانہ ٹھہرانا اور بھی جاہلیت ہے،اگر ایک ادارکارہ ایسی ذہنیت کا شکار ہو سکتی ہے تو عام عورتیں اور لڑکیاں اس ملک میں کیسے محفوظ رہ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

گوہر خان نے تھپڑ کے واقعے پر اپنے مداحوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔دوسری طرف پولیس نے ملزم اقبال کے خلاف چھیڑ چھاڑ کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کرکے پیر کو عدالت میں پیش کیا۔مقامی پولیس کے مطابق پٹنہ کا رہائشی ملزم ممبئی میں ویٹرہے اور اس نے تھپڑ مارنے سے پہلے انھیں چھونے کی کوشش بھی کی اور وہ شوٹنگ کے دوران مسلسل گوہر پر فقرے کس رہا تھا، جب گوہر نے اس شخص کو ایسا کرنے سے منع کیا تو ان کے درمیان تکرار ہوئی اور اس دوران ملزم نے انھیں طمانچہ دے مارا۔