بلاول اپنے مزاج کی وجہ سے پاکستانی طرز سیاست سے اکتا گئے‘ والد کے منع کرنے کے باوجود اچانک باہر چلے گئے‘ بلاول کا خیال ہے پاکستان اور پیپلزپارٹی کی اندرونی سیاست تھکا دینے والا پریشان کن عمل ہے‘ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتے

بلاول ملک میں جاری سیاسی درجہ حرارت اور والدکی ”مفاہمتی “ سیاست سے بیزار ہوکر بیرون ملک گئے‘ برطانوی میڈیا

بدھ 3 دسمبر 2014 17:06

بلاول اپنے مزاج کی وجہ سے پاکستانی طرز سیاست سے اکتا گئے‘ والد کے منع ..

لندن/کراچی ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء ) پیپلزپارٹی کے قائد بلاول بھٹو زرداری ملک میں جاری سیاسی درجہ حرارت اور اپنے والد محترم کی ”مفاہمتی “ سیاست سے بیزار ہوکر بیرون ملک چلے گئے۔ برطانوی میڈیا کی پیپلزپارٹی کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے مزاج کی وجہ سے پاکستانی طرز سیاست سے اکتا گئے اور اپنے والد کے منع کرنے کے باوجود اچانک ملک سے باہر چلے گئے ۔

ان کا خیال ہے کہ پاکستان اور پھر پیپلزپارٹی کی اندرونی سیاست اتنا تھکا دینے والا اور پریشان کن عمل ہے کہ وہ اسے لے کر زیادہ دیر تک نہیں چل سکتے ۔ بلاول بھٹو زرداری کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اپنے مزاج کے اعتبار سے ایک صلح اور دھیمے انداز کے انسان ہیں جبکہ پاکستان اور پارٹی کی اندرونی سیاست میں تیز طرار فرد ہی جگہ بناسکتا ہے اور آگے بڑھ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی پی پی کے یوم تاسیس میں انکی غیر موجودگی اور آصف علی زرداری کی جھنجھلاہٹ پر مبنی تقریر کے پس پشت بھی بلاول کا یہ رویہ پوشیدہ ہے ۔ یہی وجہ تھی کہ بلاول لاہو رمیں یوم تاسیس کی تقریب کے دوران وہاں موجود کارکنوں نے بلاول کی عدم موجودگی پر سوال اٹھایا تو آصف علی زرداری نے مسکرا کر ٹال دیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر اپنے بیٹے کو منانے کی پوری کوشش کررہے ہیں تاہم آنے والے دنوں میں کیا وہ مان جائیں گے یا نہیں اس پر کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی ۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو کے بعض یونیورسٹی فیلوز نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ وہ دوران طالب علمی بھی دھیمے مزاج کے اسٹوڈنٹ تھے اور ان کے سیاست میں آنے پر خود ان کے ساتھیوں کو بھی بہت حیرت ہوئی تھی کہ وہ آخر کس طرح اس میدان میں کامیاب ہو پائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :