کوئٹہ کے سیٹلائیٹ ٹائون میں دھماکہ ، ایک شخص جاں بحق

جمعرات 4 دسمبر 2014 10:54

کوئٹہ کے سیٹلائیٹ ٹائون میں دھماکہ ، ایک شخص جاں بحق

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر 2014ء) سرکی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور9زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز دو کلومیٹر تک سنی گئی جس کا نشانہ سبزی منڈی میں خریداری کے لیے پہنچنے والے تاجر بنے ۔ دھماکے سے ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

سی سی پی او کوئٹہ نے بتایاکہ دھماکے میں تیس سے چالیس کلو گرام بارودی مواد استعمال کیاگیا۔ دہشتگردی پر مکمل قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں ، دہشتگرد جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے ، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بارودی مواد ایک گاڑی میں نصب کیاگیاتھا جس کا ممکنہ نشانہ سیکیورٹی فورسز تھیں لیکن اس دھماکے کا نشانہ عام شہری بن گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور موقع پر تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ سیکریٹری داخلہ بلوچستان نے بتایاکہ بارودی مواد ایک گاڑی میں نصب کیاگیاتھا ۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔