مڈٹرم الیکشن کاامکان نہیں، بلاول کو کمر کی تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے سفر سے منع کیا: شہلا رضا

جمعرات 4 دسمبر 2014 14:48

مڈٹرم الیکشن کاامکان نہیں، بلاول کو کمر کی تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر 2014ء) پیپلز پارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے کہا ہے کہ ملک میں مڈ ٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے، بلاول بھٹو زرداری کو کمر کی تکلیف ہے، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا اور سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہلارضا نے کہا کہ بلاول بھٹو اور ان کے والد کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے، لندن میں کشمیریوں کے حق میں مظاہرے کے دوران دھکم پیل کی وجہ سے انہیں کمر کی تکلیف ہو گئی تھی۔

اُنہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم اگر حکومت میں نہیں رہنا چاہتی اور اپوزیشن میں بیٹھنا چاہتی ہے تو یہ اس کا حق ہے ہم نے اب بھی مل کر بہت سے ایشوز پر قانون سازی کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی طرف سے پہلے سنگین بیانات سامنے آئے تھے لیکن ہماری طرف سے کسی نے جواب نہ دیا۔

(جاری ہے)

اب اگر بلاول بھٹو نے جواب دیا ہے تو الطاف حسین کی طرف سے ان سے جواب مانگنا صرف باسی کڑھی میں ابال کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس پر دہشت گردوں کی طرف سے مسلسل ہاتھ ڈالا جا رہا ہے اس کے بڑے پولیس افسر شہید ہوئے ہیں۔ خالد سومرو کی شہادت بھی ایک المیہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر غلط ہے کہ ہم سندھ حکومت کو بچانے کیلئے ن لیگ کی حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلا رہے۔ سب کو پتہ ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے لیکن ہم صرف اس سسٹم کو بچانا چاہتے ہیں۔ کنٹینر پر چڑھ کر کبھی بھی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ جب بی بی شہید ہوئی تھیں تب بھی ہم نے پاکستان بند ہونے نہیں دیا تھا،ابھی ہم زندہ ہیں ہم ایسا کوئی کام نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :