کیا وہ آؤٹ تھا ؟ آفریدی کی ہنسی نکل گئی

ہفتہ 6 دسمبر 2014 14:58

کیا وہ آؤٹ تھا ؟ آفریدی کی ہنسی نکل گئی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -6 دسمبر 2014ء )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کھلاڑ ی غلط آؤٹ دیئے جانے پر کافی افسردہ نظر آئے ،اوپنر سرفراز احمد ناقص امپائرنگ کا نشانہ بنے تو شاہد آفریدی بھی کیچ آؤٹ دیئے جانے پر حیرت زدہ نظر آئے ۔ایک وقت میں جب قومی ٹیم کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدیں دم توڑ چکی تھیں تو بوم بوم آفریدی کھیلنے آئے اور ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 28رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

تقریب تقسیم انعامات میں جب آفریدی کو بلایا گیا تو ان کے چہرے پر افسر دگی تو نظر نہیں آئی تاہم وہ امپائر کے کئی فیصلوں پر حیرت زدہ تھے ۔ رمیز راجہ نے جب ان سے سوال کیا کہ آپ نے کھل کر بیٹنگ کی اور کئی جاندار شاٹس بھی لگائیں لیکن اگلی گیند پر آپ آؤٹ ہوگئے ؟ شاہد آفریدی اس سوال پر مسکرائے اور جواب دیتے ہوئے ان کی ہنسی نکل گئی جس کے بعد انہوں نے بے ساختہ کہا کہ کیا وہ آؤٹ تھا ؟۔آفریدی کا سوال سننے والے بے ساختہ حیرت میں مبتلا ہوگئے اور آفریدی نے بھی معذرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کا جواب دے کر بات کو ختم کیا ۔