پی سی بی نے ورلڈ کپ 2015ء کیلئے ابتدائی 30کھلاڑیوں کااعلان کردیا

ہفتہ 6 دسمبر 2014 15:18

پی سی بی نے ورلڈ کپ 2015ء کیلئے ابتدائی 30کھلاڑیوں کااعلان کردیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -6 دسمبر 2014ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ 2015ء کے لیے ابتدائی30کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2015ء کے لیے ابتدائی 30کھلاڑیوں میں کامران اکمل ، شعیب ملک ، جنید خان اور سعید اجمل کو بھی جگہ دی ہے ، اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ، احمد شہزاد ، شرجیل خان ، ناصر جمشید ، سمیع اسلم ، مصباح الحق ،یونس خان ، اسد شفیق ، اظہر علی ،صہیب مقصود ، فواد عالم ، حارث سہیل ، عمر اکمل ، محمد عرفان ،وہاب ریاض ، عمر گل احسان عادل ، محمد طلحہ ، ذوالفقار بابر ، رضا حسن ، یاسر شاہ ، شاہد آفریدی ،انور علی ، بلاول بھٹی ، سہیل تنویر اور سرفراز احمد شامل ہیں ۔

اعلان کردہ 30رکنی سکواڈ میں 5افتتاحی بلے باز ، 9مڈل آرڈر بلے باز ، 6فاسٹ باؤلرز ، 4سپنرز ، دو وکٹ کیپر اور چار آل راؤنڈرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیئر مین سلیکشن کمیٹی معین خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قومی ٹیم اس وقت اچھی کارکر دگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور امید ہے کہ ٹیم ہمیں ورلڈ کپ میں بھی مایوس نہیں کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنا ان کی زندگی کا یاد گار ترین لمحہ تھا اور انہیں امید ہے کہ یہ ٹیم ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سرخرو ہوکر لوٹے گی ۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے 30کھلاڑیوں کی فہرست چیئر مین پی سی بی شہریار خان کو بھیج دی ہے جس کے بعد پی سی بی ابتدائی کھلاڑیوں کی فہرست 1 یا 2 روز میں آئی سی سی کو بھیج دے گی ۔آئی سی سی کو ابتدائی30کھلاڑیوں کی فہرست بھیجنے کی آخری تاریخ 8دسمبر ہے جب کہ پی سی بی کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے حتمی 15کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی 7جنوی تک کر دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :