قوم کو2017ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی‘ خواجہ محمد آصف ،

حکومت اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر کامیابی سے گامزن ہے‘ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی

ہفتہ 6 دسمبر 2014 20:00

قوم کو2017ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی‘ خواجہ محمد آصف ،

لاہور /سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی اور دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر کامیابی سے گامزن ہے، حکومت اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنا رہی ہے، حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سمبڑیال میں نئے تعمیر شدہ ڈرائی پورٹ چوک کا افتتاح کرنے کے بعد سیالکوٹ ڈرائی پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چئیرمین سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ محمد اسحاق بٹ، صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت فضل جیلانی، سینئر نائب صدر میر عالمگیر مائر، شیخ عبدالوحید صندل، ڈاکٹر محمد اسلم ڈار، خواجہ ذکاء الدین، خاور انور خواجہ، عارف محمود شیخ، شیخ محمد اقبال، عابد حسین مہدی،ڈی سی او سیالکوٹ ندیم سرور اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت2017تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمدکنندگان ملکی برآمدات کے فروغ، معاشی استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ملک اندھیروں سے نکل کر روشنیوں کے سفر پر گامزن ہے ۔ حکومت وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے بحران کے خاتمہ کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔ انشاء اللہ قوم کو2017میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ ملک اندھیروں سے نکل کر اب اجالوں کی منزل کی جانب گامزن ہے اور روشنی کا یہ سفر کامیابی سے جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انرجی بحران سے بھی کامیابی سے نبرد آزما ہے۔ حکومتی اقدامات کے مطلوبہ نتائج مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو مکمل کر کے ملکی معیشت مستحکم کر رہی ہے۔