Live Updates

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے گریڈ 1 تا16 کے تمام ٹیکنکل ،نان ٹیکنکل ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی

صوبے کے وسائل متحمل ہوئے تو اپ گریڈیشن کا اطلاق فوری طور پر کردیا جائیگا بصورت دیگر تنخواہوں میں اضافہ اگلے مالی سال سے کیا جائیگا، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بڑھانا پی ٹی آئی کا ویژن ہے، صوبائی حکومت نے کفایت شعاری اور مانیٹائزنگ باردو اعلیٰ اختیاراتی کمیٹیاں قائم کی ہیں جو عنقریب اپنی سفارشات پیش کریں گی،پرویزخٹک

منگل 9 دسمبر 2014 23:23

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے گریڈ 1 تا16 کے تمام ٹیکنکل ،نان ٹیکنکل ملازمین ..

پشاور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے گریڈ 1 تا16 کے تمام ٹیکنکل اور نان ٹیکنکل صوبائی ملازمین کی کلرک برادری کی طرز پر اپ گریڈیشن کی اُصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں اعلیٰ حکام کو 10 روز کے اندر سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے وسائل متحمل ہوئے تو اپ گریڈیشن کا اطلاق فوری طور پر کردیا جائے گا بصورت دیگر تنخواہوں میں اضافہ اگلے مالی سال یعنی یکم جولائی سے کردیا جائے گا وہ ٹیکنکل و نان ٹیکنکل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈنیشن کونسل کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے جس نے کونسل کے صدر ملک محمد نوید کی زیر قیادت اُن سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور اپنے مسائل و مطالبات سے انہیں آگاہ کیا صوبائی وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی اور سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بڑھانا پی ٹی آئی کا ویژن ہے جبکہ ہماری صوبائی حکومت تمام ملازمین کی تنخواہوں میں جلد ازجلد دو تین گنا اضافہ کرنا چاہتی ہے تاہم سب سے پہلے وسائل کا بندوبست اور دستیابی ضروری ہے اس مقصد کیلئے حکومتی و مالیاتی نظام کی بہتری اور کرپشن کے تمام دروازے اور سوراخ بند کرنے کیلئے پوری سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں جب ملازمین کی تنخواہیں اچھی ہونگی تو کرپشن کا گراف بھی نیچے آئے گا اور حکومتی اقدامات بھی موثر ثابت ہونگے ماضی میں کرپشن کی بنیادی وجہ بھی کم تنخواہیں رہی ہیں انہوں نے سرکاری ملازمین پر زور دیا کہ وہ کرپشن کے خاتمے میں پورا تعاون کریں، پوری تندہی سے اپنے فرائض انجام دیں اور عوامی خدمت سے متعلق حکومت کی توقعات کی تکمیل یقینی بنائیں وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ حکومت انکے اوقات کار بہتر بنانے اور تنخواہوں میں بنیادی اضافے کا وعدہ نبھانے سے بھی ذرہ بھر دریغ نہیں کرے گی پرویز خٹک نے کہا کہ سرکاری ملازمین ہڑتال اور احتجاج سے قطعی گریزکریں کیونکہ اسکا نقصان براہ راست عوام اورخود انکے مفاد کو ہوتا ہے اسی طرح کسی بھی معاشرے میں سرکاری ملازمین کی طرف سے حکومت کے خلاف نعرے بازی مہذب قوم کا شیوہ نہیں اور نہ ہی حکومت ہڑتالوں سے مرعوب ہوتی ہے ہم نے صوبے کے وسائل اور عوامی مفاد کے مطابق کام کرنا ہے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں سرکار کے وسائل اور ملازمتیں مال غنیمت سمجھ کر ہڑپ کی گئیں ملازمین دفاتر میں عوامی خدمت کا اہم ترین کام کرنے کی بجائے حکمرانوں کے خدمت گار بن کر انکے گھروں پر کام کرتے رہے مگر اب ایسا نہیں ہو گا جو سرکاری خزانے سے تنخواہ لے گا تو اپنی ڈیوٹی بھی پوری تندہی سے انجام دے گا ورنہ حرام کی تنخواہ سے بہتر ہے وہ گھر بیٹھ جائے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے کفایت شعاری اور مانیٹائزنگ کے حوالے سے دو اعلیٰ اختیاراتی کمیٹیاں قائم کی ہیں جو عنقریب اپنی سفارشات پیش کریں گی اور اسکے تحت ملازمین سے سرکاری گھروں اور گاڑیوں کی مراعات واپس لیکر یکساں شرح سے تنخواہیں بڑھائی جائیں گی جیسا کہ ترقیافتہ ممالک میں بھی ہو تا ہے یہ مشورہ انہوں نے 90 ءء میں بطور وزیر دیا تھا اور اگر اس پر عمل ہوتا تو آج صورتحال کافی بہترہوتی سرکاری گھروں اور گاڑیوں پر بھاری بھرکم اخراجات کی بجائے ملازمین کی تنخواہیں اطمینان بخش ہوتیں اور کرپشن کی شرح بھی کم ہوتی ہمارے ہاں الٹی گنگا بہتی ہے مگر ہم ان تمام خرابیوں کو دور کرکے تبدیلی ہوتے ہوئے دکھائیں گے افسوس کہ ہمارے ہاں ملازمین حکومت سے مراعات مانگتے ہیں مگر دیتے یا ڈیلیور کرتے نہیں کرپشن اور چوری کروڑوں کی ہو یا دھیلے کی بہرحال کرپشن ہوتی ہے اور اسکی روک تھام نیز قومی فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال حکومت کے ساتھ ساتھ ملازمین کا بنیادی فرض ہے اور یہ فرض ادا کرکے ہم نفسا نفسی کی شیطانی صفت سے بچ سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے صوبے کے دستیاب وسائل اور حقائق کا ادراک بھی ضروری ہے ہماری آمدن صرف 6 فیصد کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ باقی محاصل کیلئے ہمیں وفاق اور قرضوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے وقت آگیا ہے کہ ہم عوام پر ٹیکس اور قرضوں کا بوجھ بڑھائے بغیر شبانہ روز محنت کے ذریعے حکومتی آمدن اور دستیاب وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنائیں تاکہ ہماری محتاجی کم سے کم سطح پر آئے اور ہم ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت بند آنکھوں سے یاکسی طمع یا دباؤ کے تحت ایک فیصلہ بھی نہیں کرے گی بلکہ ہر قدم پر قومی مفاد کو پیش نظر رکھا جائے گا صوبائی ملازمین کے وفد نے جن میں درجہ چہارم، ڈرائیورز، ٹیکنکل و نان ٹیکنکل، سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کے عہدیداروں کے علاوہ کوآرڈنیشن کونسل کے سرپرست اعلیٰ صلاح الدین ، چیئرمین پیر گل علی شاہ ، وائس چیئرمین عبد الستار ہوتی، جنرل سیکرٹری رب نواز خٹک اور دیگر عہدیدار شامل تھے بیک زبان ہو کر وزیر اعلیٰ کے فراخدلانہ اعلان پر انکا شکریہ ادا کیا اور کرپشن کے خاتمے نیز ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کے علاوہ تبدیلی اور نظام کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات